نکاسی آب کا منصوبہ’’ ایس تھری ‘‘کراچی کیلئے اہم اور سمندری حیات کیلئے ناگزیر ہے، وزیر بلدیات سندھ

اتوار 18 دسمبر 2016 20:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر بلدیات و چیئرمین واٹربورڈ جام خان شورو نے کہا ہے کہ نکاسی آب کا عظیم تر منصوبہ’’ ایس تھری ‘‘کراچی کیلئے انتہائی اہم اور سمندری حیات کیلئے ناگزیر ہے، منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے ،میعار کا خیال رکھا جائے ،کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ایم ڈی واٹربورڈ ،پروجیکٹ ڈائریکٹر ،منصوبے کی کنسلٹنٹ فرم کے حکام اور سیکریٹری بلدیات کے ساتھ منعقدہ ایک خصوصی جائزہ اجلاس کے دوران کیا ،اس موقع پر ایم ڈی واٹربورڈمصباح الدین فرید نے منصوبے پر جاری کام کے حوالے سے وزیر بلدیات سندھ کو بریفنگ دی ،وزیربلدیات نے کہا کہ نکاسی آب کے مسائل کے حل اور سیوریج کے پانی کو ٹریٹمنٹ کے بعد سمندر برد کئے جانے کے حوالے سے ایس تھری منصوبہ وقت کی ضرورت ہے ،اس منصوبے کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ہے ،ضرورت اس امر کی ہے کہ ایس تھری منصوبے پر جاری کام کی رفتار کا مزید تیز کیا جائے ، اس کے کام کے معیار پر نظر رکھی جائے ، نیز جلد از جلد یہ منصوبہ مکمل کرنے کی کوشش کی جائے ،ایم ڈی واٹربورڈ نے بتایا کہ منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے ،اس کی راہ میں حائل تقریباً تمام مشکلات اور رکاوٹوں کا خاتمہ کردیا گیا ہے توقع ہے کہ یہ منصوبہ اپنی تکمیلی مدت سے قبل ہی کامیابی کے ساتھ اختتام پزیر ہوجائے گا ،دریں اثناء ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فرید نے صوبائی وزیر بلدیات وچیئرمین کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ کی ہدایت پرحسن اسکوائر سے صفورہ گوٹھ تک تعمیر کی جانے والی یونیورسٹی روڈ پر کے ایم سی واٹربورڈ اور ڈی ایم سی کے افسران کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا ،اس موقع پر ایم ڈی واٹربورڈ نے افسران سے یونیورسٹی روڈ کی تعمیر کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا، انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ لونگ لائف بنیاد پرتعمیر کی جارہی ہے،مصروف ترین ہونے کے باعث ا س سڑک کی تعمیر میں تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں ہے ،انہوں نے کہا کہ اس کے کام کی رفتار کو کسی صورت سست روی کا شکار ہونے نہیں دیا جائے گا ،سڑک کی تعمیر وقت مقررہ پر ہونی چاہئے اس لئے ضروری ہے کہ تمام کام باقاعدہ ایک نظام کے تحت کیا جائے ، انہوں نے واٹربورڈ حکام کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر زیر تعمیر سڑک پر لیکیجز کا کام مکمل کرلیا جائے ، انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر بلدیات کی توجہ سڑک کی تعمیر کے ساتھ ساتھ اس کے معیار پر بھی مبذول ہے ، ان کی ہدایت ہے کہ باقاعدہ ایک سسٹم کے تحت کام کو جاری رکھا جائے نیز اس دوران شہریوں کو بھی کوفت اور دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ،ٹریفک کی روانی بھی بحال رہنی چاہئے ، ایم ڈی واٹربورڈ نے اس ضمن میں واٹربورڈ ، کے ایم سی اور ڈی ایم سی کے افسران کے درمیان فوری اور موثر رابطے کی ضرورت پر بھی زوردیا۔

متعلقہ عنوان :