ْفاٹا سیاسی اتحاد کے زیر اہتمام ایف سی آر کیخلاف اور فاٹا اصلاحات کے حق میں زبردست مظاہرے

شمالی وزیرستان،کرم ایجنسی،باجوڑ،مہمندایجنسی،خیبرایجنسی سمیت مختلف علاقوں میں احتجاجی جلوس نکالے گئے

اتوار 18 دسمبر 2016 20:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2016ء) قبائلی علاقوں میں فاٹا سیاسی اتحاد کے زیر اہتمام ایف سی آر کیخلاف اور فاٹا اصلاحات کے حق میں زبردست مظاہرے،شمالی وزیرستان،کرم ایجنسی،باجوڑ،مہمندایجنسی،خیبرایجنسی سمیت مختلف علاقوں میں احتجاجی جلوس نکالے گئے اور احتجاجی جلسوں کا انعقاد، قبائلی علاقوں کی تاریخ میں پہلی مرتبہ قبائل متحد،ہزاروں کی تعداد میں قبائل یک نکاتی ایجنڈے پر متفق،فاٹا سیاسی اتحاد کے زیر اہتمام گذشتہ روز تمام ایجنسیزہیڈکوارٹرز سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں قبائلی عوام ایک پلیٹ فارم پر ایف سی آر کے خلاف اور فاٹا اصلاحات کے فوری نفاذ کیلئے سڑکوں پر نکل آئے ،اس سلسلے میں خیبرایجنسی میں فاٹا سیاسی اتحاد کے زیر اہتمام ذرنور آفریدی ،اور اقبال آفریدی،باجوڑ ایجنسی میں حاجی سردار خان اور نثار محمد خان ،مہمند ایجنسی میں ملک سعید خان ،درہ آدم خیل میں جماعت اسلامی فاٹا کے سیکرٹری جنرل محمد رفیق ،کرم ایجنسی میں حکمت یار اور دیگر قائدین کی قیادت میں زبردست احتجاجی جلوس نکالے گئے اور مظاہرے کئے گئے ،اس موقع پر مقررین نے کہا کہ قبائلی عوام کا سیاست سے بالاتر ہوکر سڑکوں پر نکلنا فاٹا اصلاحات کے حق میں ریفرینڈم ہے۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ غیر اسلامی و غیر انسانی نظامFCR نے فاٹاکے عوام کے ضمیر پر غاصبانہ قبضہ جما رکھاہے ۔ فاٹا کے عوام محب وطن ہیں اور مادر ِ وطن پاکستان کیساتھ دل و جان سے پیار کرتے ہیں۔ مقررین نے کہاکہ ہمارا ایجنڈا فاٹا کے عوام کی ترقی اور پاکستان کے استحکام کیلئے ہے۔تاکہ بفر زون ختم کر دیا جائے اور پاکستان دشمن کی سازشوں اورکاروائیوں سے محفوظ ہو جائے اور فاٹا میں مکمل طور پر پاکستان کی عملداری یعنی رِٹ قائم ہو جائے۔

انہوں نے کہا کہ فاٹا اصلاحات پاک آرمی کا منصوبہ ہے اور نیشنل ایکشن پلان کا حصہ ہے اس لئے ہم چیف آف آرمی سٹاف جنر ل قمر جاویدباجوہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فاٹااصلاحات کو عملی جامہ پہنائیںاور ملک و قوم کے استحکام کیلئے اپنا مؤثر کردارادا کریں۔ زر نورآفریدی نے کہا کہ جو لوگ فاٹا اصلاحات کی مخالفت کرتے ہیں وہ ملک و قوم کے غدار ہیںاور غیروں کے آلہء کا ر بنے ہوئے ہیں۔

اور غیروں کے اشاروں پر فاٹا کے وجود کو متنازعہ بنانے پر تلے ہوئے ہیں اور پاکستان کو تقسیم کرنے کی سازشوںمیںمصروف ہیں ۔پاک آرمی فاٹا اصلاحات کے مخالفین کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ درج کرے اور اُن پر ملک غداری کا مقدمہ چلائے۔فاٹا میں تعینات بیورو کریسی پر بھی نظر رکھی جائے اور جو بیورو کریٹ فاٹااصلاحات کے مخالف ہو اور فاٹا میںسازش کے تحت انتشارپیدا کر رہے ہیں ان کو بھی سزا دی جائے۔ فاٹا کے عوام پاکستانی ہیں اورپاکستان کے مکمل آئین کا نفاذ چاہتے ہیں اورفاٹا کو kpk میں ضم کرنا زندگی اورموت کا مسئلہ سمجھتے ہیںاس کے علاوہ دوسرے کسی آپشن کو قبول نہیں کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :