وزیر اعلیٰ کے ہیلی کاپٹر کی خریداری کے معاملے کو پنجاب اسمبلی میں اٹھائیں گے‘ محمود الرشید

شہباز شریف اس مد میں 3ارب خرچ کرنیکی بجائے سرکاری ہسپتالوں ، سکولوں کی حالت بہتر بنائیں‘ قائد حزب اختلاف

اتوار 18 دسمبر 2016 20:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2016ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے ہیلی کاپٹر کی خریداری کے معاملے کو پنجاب اسمبلی میں اٹھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ اس مد میں 3ارب خرچ کرنے کی بجائے سرکاری ہسپتالوں اور سکولوں کی حالت بہتر بنائیں۔اپنے حلقہ انتخاب کے علاقے اتحاد کالونی علامہ اقبال ٹائون میں میلاد کانفرنس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم کے ٹیکس کے پیسوں پر حکمرانوں کو عیاشیاں نہیں کرنے دیں گے، شہباز شریف کے غلط اور جلد باز فیصلوں کے باعث پہلے قوم کو اور نج ٹرین کے قرض میں دھکیل دیا گیااب عوام کے ٹیکس کی3ارب سے ہیلی کاپٹر خریدا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو ہسپتالوں میں ادویات میسر نہیں، جان بچانے والے آلات نہیں، سرکاری تعلیمی ادارے پانی، چار دیواری جیسی بنیادی ضرورتوں سے محروم ہیں، کاشتکار تیزی سے زراعت سے الگ ہو رہے ہیں، ڈاکٹر ہوں، اساتذہ، کلرک، نرسیں یا طلبہ ملک کا ہر طبقہ سڑکوں پر ہے، نا بینا اور معذور افراد جائز حقوق کیلئے در بدر ہیں، ایسے میں حکمرانوں کی ایسی عیاشیاں زیب نہیں دیتیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاہور کی سڑکیں سائیکل چلانے کے قابل بھی نہیں رہیں اور روزانہ عوام کیڑے مکوڑوں کی طرح کچلے جاتے ہیں جبکہ فضائی سفر کے لئے دستیاب جہاز بھی لاہور کے کسی روٹ پر چلنے والی پرانی ویگنوں سے کم نہیں مگر عوام جائیں بھاڑ میں سارے مسائل کے باجود شہباز شریف نے اپنی اونچی پرواز کا بندوبست کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کا معاملہ اتنا سادہ نہیں اسے پنجاب اسمبلی میں اٹھائیں گے۔