ْحقیقی ترقی کیلئے نظام اور پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے ،2018میں بھی سرخرو ہوں گے‘حمزہ شہباز

پاک چین دوستی کے ثمرات پاکستان کی ترقی کی شکل میں سامنے آرہے ہیں‘چینی وفد سے ملاقات ، میڈیا سے گفتگو

اتوار 18 دسمبر 2016 20:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ حقیقی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے مضبوط نظام اور پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے، لیڈر آتے جاتے رہتے ہیں لیکن جمہوری سسٹم کو کامیابی کے ساتھ آگے چلنا چاہیے ،قوموں کی تعمیر میں چین کی کامیابی ایک زندہ مثال ہے جس نے اچھی منصوبہ بندی اوربہترین ہوم ورک کے ساتھ معاشی طاقت بننے کے بعد کامیاب خارجہ پالیسی بھی دی۔

یہاں مسلم لیگ(ن) سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں چین کے انٹر نیشنل ڈیپارٹمنٹ کے وائس منسٹرزی ہینگ ژیا سونگ کی قیادت میں ملاقات کرنے والے اعلیٰ سطحی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حمزہ شہباز نے کہا کہ سی پیک منصوبے میں چین کی پاکستان کے ساتھ شراکت تاریخی اقدام ہے جس کی بہترین منصوبہ بندی کوپاکستان بالخصوص پنجاب حکومت بھی اپنے منصوبوں میں شامل کرے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی پر ہم سب کو فخر ہے جس کے ثمرات پاکستان کی ترقی کی شکل میں سامنے آ رہے ہیں ۔انہوں نے وفد کو بتایا کہ پنجاب میں حال ہی میں بلدیاتی نظام لاگو کرنے کی بہت بڑی ایکسرسائز کی گئی ہے جس سے لوگوں کے بنیادی سطح پر مسائل کو جلد حل کیا جا سکے گا۔ حمزہ شہبازنے پاک چین دوستی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وقت کے ساتھ دو اچھے دوست اب دو اچھے بھائی بن چکے ہیں اوراس لازوال دوستی پر ہر پاکستانی کو فخر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب چین کے نظام کی کامیابیوں سے متاثر ہیں اور وہ یہاں بھی ایسا ہی فعال اور ترقی یافتہ سسٹم دیکھنے کے خواہاں ہیں جس کیلئے کئی ایک منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے ۔ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے چینی وفد کے سربراہ زی ہینگ ژیا سونگ نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی کارکردگی کو سرہا ۔انہوںنے چین کے سیاسی نظام پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وہاں کثیر الجماعتی نظام کامیاب نہیں ہوا ،حکومتی پارٹی کے اندر مضبوط احتساب کیا جاتا ہے اور عوامی نمائندوں کی ورکنگ کی کڑی نگرانی کی جاتی ہے۔

ملاقات کے اختتام پر حمزہ شہباز نے معزز مہمان کو لاہور کے شاہی قلعہ کی پینٹنگ بطور تحفہ پیش کی، صوبائی وزراء مجتبیٰ شجاع الرحمان ،خواجہ عمران نذیر ،رکن قومی اسمبلی و صدر لاہور مسلم لیگ پرویز ملک ، لاہور کے لارڈ مئیر کرنل (ر) مبشر جاوید،رکن اسمبلی میری گل اور مسلم لیگ لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عمران علی گورائیہ بھی ملاقات میںموجود تھے جبکہ چین کے قونصل جنرل ڈو گینکی، قونصلر اٹیچی مسٹر زائے ونگ لن ، ڈپٹی ڈائریکٹر جیا ء پنگ ، لاہور میں چائنیز قونصل جنرل یو بورن ، ڈائریکٹر جنرل یوآن زی ونگ ،ڈپٹی ڈائریکٹر گو ؤ فینگ ،تھرڈ سیکرٹری ٹئین وی آئی اور لیو فینگ فینگ نے چینی وفد کی نمائندگی کی ۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ پاک چین دوستی کو آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی چین ایک معاشی طاقت ہے جس کی شراکت سے موٹر وے اور سی پیک کے منصوبے مکمل ہونے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں حمزہ شہباز نے کہا کہ قوم اپنے مسائل کے حل کا مطالبہ کر رہی ہے انشاء اللہ 2018کے عام انتخابات میں میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں بھی سرخرو ہوں گے ۔ہماری کامیاب پالیسیوں کے باعث لوڈ شیڈنگ اور دہشتگردی کا خاتمہ ہونے جارہا ہے حمزہ شہباز نے کہا کہ چینی وفد سے ملاقات دونوں ملکوں کے سیاسی نظام اور سیاسی جماعتوں کی ورکنگ کے حوالے سے تھی جس پر ہم ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہوں گے ۔

متعلقہ عنوان :