وفاقی وزیر داخلہ سے فروٹ منڈی کی صورتحال کے ازالے کے لئے فوری مداخلت کی اپیل

بھتہ خوری ، سینہ زوری اور مارکیٹ کمیٹی کی اجارہ داری نے کام کرنے والوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے ، آغا سراج

اتوار 18 دسمبر 2016 20:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2016ء)فروٹ منڈی ٹریڈرزویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام بھتہ خوری اور مارکیٹ کمیٹی کی اجارہ داری اور سینہ زوری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرین سے ٹریڈر ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر آغا سراج، فوڈ گرین کے اشفاق عباسی، شیخ یونس، چوہدری صغیر، ذاکر خان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے فروٹ فروشوں کے ساتھ رواں رکھی جانے والی زیادتیوں کے ازالے پر زوردیا ۔

مقررین نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے اپیل کی کہ مارکیٹ کمیٹی کی اجارہ داری اور سینہ زوری کا نوٹس لیتے ہوئے فوری اور موثر اقدامات کئے جائیں تاکہ منڈی میں کاروبار کرنے والے فروٹ فروشوں کی تشویش کا ازالہ ہو سکے ۔ مقررین نے کچھ عرصہ پہلے سبزی منڈی سے بھتہ خوری کے خاتمے کے لئے کی جانے والی چوہدری نثار کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی ذاتی مساعی سے بھتہ خوری کا قلع قمع ہو گیا تھا تاہم اب دوبارہ یہ سلسلہ مارکیٹ کمیٹی کے زیر سایہ جاری ہے ۔

(جاری ہے)

آج سرکاری چھتری کے نیچے نام نہاد مارکیٹ کمیٹی بنا کر لوگوں سے کروڑوں روپے بھتہ وصول کیا گیا ہے ۔ وزیر داخلہ سے اپیل ہے کہ ایف آئی اے کے ذریعے اس معاملات کی تحقیقات کرائی جائیں اور منڈی میں کام کرنے والوں کو آئے دن کی زیادتیوں اور ناروا سلوک سے نجات دلائی جائے ۔ مقررین نے کہا کہ منڈی میں موجود کچھ شرپسند عناصر مزدوروں کو آپس میں لسانی بنیادوں پر فساد برپا کرنا چاہتے ہیں ۔

مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ منڈی میں کام کرنیوالے مزدوروں کے لئے ایک ڈسپنسری ، سٹریٹ لائٹس اور واٹر فلٹریشن کا قیام عمل میں لایا جائے ۔ مقررین نے کہا کہ روزانہ اڈہ فیس کے نام پر کروڑوں روپے سمیٹے جا رہے ہیں ، مقررہ فیس سے کہیں زیادہ وصولیاں کی جارہی ہیں جبکہ رسید مقررہ فیس کی وصولی کی جاتی ہے ۔