مضبوط بلدیاتی نظام پر چیئرمین بلاول سے لے کر نچلی سطح تک مکمل اتفاق رائے ہے،مشیرمحنت سینیٹرسعید غنی

کراچی کے لئے خصوصی فنڈنگ ہوگی توہی مسائل حل کئے جا سکتے ہیں، چیئر مین بلدیہ شرقی معید انور

اتوار 18 دسمبر 2016 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2016ء) وزیر اعلی سندھ کے مشیر محنت سینیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے لیکر تمام قائدین اور نچلی سطح تک اس بات پر اتفاق ہے کہ بلدیاتی اداروں کو فعال ہونا چاہیے اور منتخب بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات حاصل ہونے چاہیے۔ پاکستان پیپلز پارٹی صرف یہ چاہتی ہے کہ عوام کی بلاامتیاز خدمت کی جائے اور سیاسی محاذ آرائی کی نذر نہ ہونے دیا جائے۔

انھوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز بلدیہ شرقی میں قائد حزب اختلاف ذوالفقار علی قائم خانی کے دفتر کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر چئیرمین بلدیہ شرقی معید انور، وائس چئیرمین بلدیہ شرقی عبدالرؤف خان، میونسپل کمشنر منظور عباسی و دیگر افسران کے علاوہ بلدیہ شرقی کی کونسل کے اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

سنیٹر سعید غنی نے مزید کہا کہ وہ ذاتی حیثیت میں بھی با اختیار بلدیاتی اداروں کے حامی ہیں اور اس سلسلے میں ہر سطح پر اپنے تئیں کوشش میں مصروف ہیں، سندھ میں نافذ بلدیاتی ایکٹ کے تحت اختیارات میں مزید اضافے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے چئیرمین بلدیہ شرقی معید انور، ذوالفقار قائمخانی کی جانب سے کی جانے والی بات چیت کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی نمائندگان کو اعزازیہ ملنا چاہیے، بلدیاتی اداروں کے مالی وسائل میں بہتری لانے، مناسب اختیارات سمیت جو بھی مسائل درپیش ہونگے ان کے لئے وزیر اعلی سندھ، وزیر بلدیات سے بات چیت کر کے بہتری لائی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے باہمی تعاون سے ہر مسئلے کا حل نکالا جا سکتا ہے جبکہ حکومت سندھ کراچی کی ترقی کے لئے کوشاں ہے ۔

انھوں نے کہا کہ کراچی کے بلدیاتی مسائل حل کرنے کیلئے پیکیج لانے کی بھرپور کوشش میں مصروف عمل ہوں۔ چئیرمین بلدیہ شرقی معید انور نے سعید غنی کی آمد کو انتہائی خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اس طرح کی باہمی میل جول سے بڑے سے بڑے مسئلے کا حل نکالا جا سکتا ہے۔قائد حزب اختلاف نے اپنے خطاب میں سنیٹر سعید غنی کو بلدیاتی نمائندوں بالخصوص بلدیہ شرقی کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ان سے درخواست کی کہ وہ وزیربلدیات اور وزیرآعلی سندھ سے ان مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کے لیے کوششیں کریں جس پر سنیٹر سعید غنی نے انھیں یقین دلایا کہ وہ اپنا کردار بھرپور انداز سے نبھائیں گے۔

ذوالفقار قائمخانی نے کہا کہ بلدیہ شرقی میں ماحول دوستانہ ہے اور سب مل کر پورے ضلع کو مثالی بنانے کا عزم کئے ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ قائد حزب اختلاف ذوالفقار علی قائم خانی نے بلدیہ شرقی کے تمام منتخب بلدیاتی نمائندوں کے اعزاز میں طہرانہ دیا جسے ظہرانے میں شریک تمام سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے نمائندوں نے پرامن اور سیاست سے بالا عوامی خدمت کا بہترین آغاز قراردیا۔

متعلقہ عنوان :