پیہور ہائی لیول کنال کے منصوبے سے ضلع صوابی میں معاشی ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔ عبدالکریم

اتوار 18 دسمبر 2016 20:10

صوابی۔18دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2016ء)وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت و حرفت ایم پی اے عبدالکریم خان نے کہا ہے کہ پیہور ہائی لیول کنال کے منصوبے سے ضلع صوابی میں معاشی ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے موضع مانکی میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کر تے ہوئے کیا جس میں سابق یو سی چیر مین نور محمد ، شریف محمد اور عزیز محمد نے اے این پی اور پی ٹی آئی سے مستعفی ہو کر قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا جب کہ اجتماع سے مولانا نور محمد ، ناظم راشد منہاس اور ناظم تورڈھیر سادہ انتظار اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

عبدالکریم خان نے حلقہ پی کے 34صوابی4میں گورنمنٹ کامرس کالج کے قیام کے علاوہ مانکی میں بجلی کے ٹرانسفارمرز مختلف روڈز اور راستوں گلیوں کی پختگی کا اعلان کر تے ہوئے کہا کہ چھوٹا لاہور میں کنسٹرکشن مشینری ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے قیام سے یہاں کے نوجوان ہنر سیکھنے کے لئے کسی اور جگہ کا رُخ نہیں کرینگے انہوں نے کہا کہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے معالی تعاون سے صوابی میں پیہور ہائی لیول کنال کے منصوبے سے دو لاکھ پچیس ہزار کنال بنجر زمین سیراب ہو جائے گی جب کہ اس منصوبے پر دس ارب روپے تک لاگت آئے گی انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے قومی وطن پارٹی کے چیر مین آفتاب احمد خان شیر پائو ، سینئر صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیر پائو نے عملی کر دار ادا کیا ہے۔