کوہاٹ ‘ جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی ‘ پانچ اشتہاریوں سمیت 68افراد گرفتار

اتوار 18 دسمبر 2016 20:10

کوہاٹ۔18دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2016ء)کوہاٹ پولیس نے سماج دشمن عناصر کے خلاف جاری مہم میں مزید پانچ اشتہاریوں سمیت 68جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کرلیا ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال نے شہر میں امن و امان کی صورتحال یقینی بنانے اور جرائم کے سد باب کیلئے پولیس حکام کو مجرمانہ سررمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔

ڈی پی او کے ان احکامات پر عملدرآمد کویقینی بنانے کیلئے ضلعی پولیس گزشتہ دو ہفتوں سے سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرمان،منشیات فروشوں،سمگلروں،قمار بازوںاور سود خوروں کے علاوہ مختلف نوعیت کی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف برسر پیکار ہے۔

(جاری ہے)

آپریشن کے اس تسلسل میں پولیس نے چھائونی اور شہر سمیت کئی مضافاتی علاقوںمیںگزشتہ چوبیس گھنٹوں کے مسلسل کریک ڈائون میں مزید پانچ اشتہاری مجرمان ،تین سہولت کاروں،چار منشیات فروشوں اور دو سود خوروں سمیت 68ملزمان کو حراست میں لیکر انکے قبضے سے مجموعی طور پر دو کلاشنکوف،دو رائفل،چار شاٹ گن،سات پستول،درجنوں گولیاں،پانچ کلو گرام چرس اور 4550روپے سود کی رقم برآمد کرلی ہے۔

پولیس نے زیر حراست ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں الگ الگ مقدمات درج کرکے ان کو جیل بھیج دیا ہے۔ادھر نان رجسٹرڈ اور کالے شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف جاری کریک ڈائون میں پولیس اور ٹریفک اہلکاروں نے مجموعی طور پر پانچ سو سے زائد موٹر سائیکلوں اور دیگر چھوٹی بڑی گاڑیوں کو چیک کرتے ہوئے بغیر نمبر پلیٹ اور نان رجسٹرڈ 387موٹر سائیکل سواروں اور سترہ گاڑی مالکان کو چالان کردیا۔پولیس نے کاروائی کے دوران مجموعی طور پر اسی ہزار روپے جرمانہ وصول کرکے سرکاری خزانے میں جمع کرادیا ۔