وزیراعظم کی غلط بیانی کے چرچے سڑکوں اور چوراہوں پر ہورہے ہیں ،حلیم عادل شیخ

حکمرانوں نے پانامہ لیکس کے کیس کی شکل بگاڑ کر اسے اپنے حق میں کرنے کی کوشش کی ہے

اتوار 18 دسمبر 2016 19:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2016ء) تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہاہے کہ ا س وقت وزیراعظم کی غلط بیانی کے چرچے سڑکوں اور چوراہوں پر ہورہے ہیں ، حکمرانوں نے پانامہ لیکس کے کیس کی شکل بگاڑ کر اسے اپنے حق میں کرنے کی کوشش کی ہے ،کوئی ایک شخص بھی ایسا نہیں ہے جو یہ کہہ سکے کہ نواز لیگ کے دور میں فلاں کام اچھاہواہے ، حکمرانوں کو ڈر ہے کہ کہیں چیئرمین عمران خان عوام کو ایک بار پھر سے نہ سڑکوں پر آنے کا کہہ دیں جبکہ یہ حقیقت ہے کہ جب عوام کے حقوق اسمبلیوں میں نہ سنے جائیں تو ان کے فیصلے بھی سڑکوں پر ہی ہواکرتے ہیں ،عادل ہاوس سے جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ حکمرانوں اور ان کے وزیروں کی جانب سے اسمبلی کا وقار مجروح کرنا کوئی بڑی بات نہیں ہے ہمیں اس وقت شریف النفس حکمرانوں سے پالا پڑاہے کوئی اور اگر ان کے جھوٹ کا پردہ فاش کرے تو انہیں اچھا نہیں لگتاہے ،انہوں نے کہاکہ حکمران طقبہ اس بات سے بھی خوفزدہ ہے کہ کہیں آئندہ انتخابات میں ان کا حشر ایسا نہ ہوجائے کہ انہیں اپنے گھروں سے بھی ووٹ نہ مل سکے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ انہوں نے اپنے اقتدار میں عوام سے صرف چھینا ہی ہے انہیں کچھ ڈیلیور نہیں کیاہے ،انہوں نے کہاکہ جس روز عوام کو اپنی مرضی سے ووٹ ڈالنے کا حق مل جائے گا اس ورز اس ملک کی دو بڑی حکمران جماعتوں کا بوریا بستر اس ملک کی سیاست سے ہمیشہ کے لیے گول ہوجائے گا،پانامہ کیس کے ثبوت اس وقت عالمی میڈیا پر گردش کررہے ہیں جب کہ حکمرانوں کی جانب سے اس کے علاوہ کی گئی لوٹ مار کی تفصیلات سے بھی عوام بخوبی واقف ہوچکی ہے کیونکہ چیئرمین عمران خان کی مسلسل کوششوں کی وجہ سے عوام میں اس قدر شعور آچکاہے کہ وہ اب جان چکے ہیں کہ ہمارے اور اس ملک کے لیے کون اچھا ہے اور کون براہے ۔