سانحہ کوئٹہ کی رپورٹ نے نواز حکومت کے چہرے سے نقاب اتار دیا ہے،سینیٹر روبینہ خالد

نواز حکومت پاناما کرپشن کی تحقیقات میں سنجیدہ ہے اور نہ ہی نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرنے میں مخلص ہے،بیان

اتوار 18 دسمبر 2016 19:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ سانحہ کوئٹہ کی رپورٹ نے نواز حکومت کے چہرے سے نقاب اتار دیا ہے اور وزیر داخلہ چوہدری نثار کو مجرموں کے کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ چوہدری نثار اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کی بجائے مزید غلط بیانی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ چوہدری نثار نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید پر جھوٹا الزام لگا کر اپنی ذہنیت ظاہر کر دی ہے۔ جو شخص محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے قاتل حکیم اللہ محسود کے مرنے پر ٹسوے بہائے ان سے اچھائی کی کیا امید ہو سکتی ہے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ یہ بات بھی واضح ہوگئی ہے کہ نواز حکومت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مطالبات تسلیم کرنے سے کیوں کترا رہی ہے۔

(جاری ہے)

کیونکہ نواز حکومت پاناما کرپشن کی تحقیقات میں سنجیدہ ہے اور نہ ہی نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرنے میں مخلص ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ جسٹس فائز عیسیٰ کو چوہدری نثار کے شر سے محفوظ رکھے کیونکہ نواز لیگ جب آپے سے باہر ہو جاتی ہے تو سپریم کورٹ پر حملے سے بھی گریز نہیں کرتی۔ سینیٹر روبینہ خالد نے لیگی وزراء کو تنبیہہ کی کہ وہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بارے میں بات کرتے ہوئے اپنی زبان اور اعصاب کو قابو میں رکھیں۔