پولیو سے پاک بلوچستان ترقی و خو شحالی کا ضامن ہے،بلوچستان حکومت

انسداد پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرکے اپنے مستقبل کے معماروں کی زندگیوں کو محفوظ بناسکتے ہیں ،ترجمان

اتوار 18 دسمبر 2016 19:13

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2016ء) ترجمان حکومت بلوچستان انوار الحق کاکڑ نے کہاہے کہ پولیو سے پاک بلوچستان ترقی و خو شحالی کا ضامن انسداد پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرکے ہی ہم اپنے مستقبل کے معماروں کی زندگیوں کو محفوظ بناسکتے ہیں پولیو جیسے موذی مرض کے متعلق عوام میں شعور و آگاہی اجاگر کرنے میں جتنا کردار میڈیا نے ادا کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملاقات کرنے والے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان سے پولیو کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کیونکہ حقوق العباد کی ادائیگی دنیا و آخرت کی زندگی سنوارنے کا بہترین ذریعہ ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ خان زہری کی ذاتی دلچسپی اور خصوصی توجہ کی بدولت محکمہ صحت اور انتظامیہ بلوچستان کو پولیو فری بنانے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کررہی ہے اور صوبے سے پولیو کے خاتمے کی منزل اب بہت قریب ہے ترجمان حکومت بلوچستان انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پولیو کے مرض میں مبتلا بچے ساری زندگی کے لئے معذور ہوجاتے ہیں جو والدین کے علاوہ معاشرے کے لئے پریشانی کا باعث بنتے ہیں اس لئے 19 سے 21 دسمبر تک بلوچستان بھر میں جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کی کامیابی کے لئے والدین کا تعاون ناگزیر ہے لہٰذا وہ اپنے پانچ سال تک کے عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ کسی جگہ پولیو وائرس کا احتمال نہ رہے ۔

متعلقہ عنوان :