کومے کا شکار مائیکل شوماکر کی حالت بدستور نجی معاملہ رہے گی،اہلخانہ

اتوار 18 دسمبر 2016 19:11

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 دسمبر2016ء)کومے کا شکار مائیکل شوماکر کی حالت بدستور نجی معاملہ رہے گی،یہ بات ان کے منیجر نے فارمولہ ون لیجنڈ کو دوران سکیئنگ سر میں شدید نوعیت کی چوٹ آنے کے بعد تقریباً تین سال پورے ہونے کے موقع پر کہی۔29دسمبر کو مرائبل فرانس میں پیش آنے والے حادثے کی تیسری برسی منائی جائے گی تاہم شوماکر کے اہلخانہ اور قریبی دوستوں نے ان کی حالت کو زیادہ تر خفیہ رکھا ہوا ہے۔

47سالہ جرمن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اپنے سوئز ہوم میں ان کی حالت بہتر ہورہی ہے تاہم یہ حالت بدستور پراسرار ہے۔ ان کے منیجر سبین کیہن نے کہا کہ مائیکل کی صحت عوامی معاملہ نہیں ہے لہٰذا ہم اس پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے صرف اس لئے کیونکہ ہمیں جتنا ممکن ہوسکے مائیکل کی پرائیویسی کو محفوظ بنانے کی ضرورت ہے،ہم جانتے ہیں کہ کچھ لوگوں کیلئے اس بات کو سمجھنا مشکل ہے لیکن مائیکل کے رویے کے ساتھ ہمارا معاہدہ ہے اور ہم صرف اس معاملے کو سمجھنے پر اپنی طرف سے شکریہ ہی ادا کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

شوماکر کی فیملی مداحوں کو سات مرتبہ کے فارمولہ ون عالمی چیمپئن کیلئے ان کی حمایت جاری رکھنے پر شکریہ کے ساتھ اس اقدام کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔شوماکر کی اہلیہ کورینا نے کہا کہ ہم دوسروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ ہمت نہیں ہارنی چاہئے،یہ اقدام احترام کی ایک اور علامت ہے اور مائیکل کے مداحوں کا شکریہ۔