جی سی سی نے ایرانی عہدہ داروں کے دھمکی آمیز بیانات کو مسترد کردیا ،بیانات سفارتی آداب کے منافی قرار

اتوار 18 دسمبر 2016 19:10

جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 دسمبر2016ء) خلیج تعاون کونسل( جی سی سی) نے بعض ایرانی عہدہ داروں کے تنظیم اور خطے کے دوسرے ممالک کے خلاف حالیہ دھمکی آمیز بیانات کو مسترد کرتے ہوئے انھیں سفارتی آداب کے منافی قرار دیا ہے۔اتوار کو جی سی سی کے سیکریٹری جنرل عبداللطیف الزیانی نے جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ ایرانی عہدہ داروں کی دھمکیاں اقوام متحدہ کے منشور کے تحت اچھے ہمسائیگی اور دوسرے ممالک کے داخلی امور میں مداخلت کے اصولوں کے منافی ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا ہے کہ ایران نے سعودی عرب ،بحرین ،قطر اور یمن سمیت جی سی سی اور خطے کے دوسرے ملکوں میں مداخلت جاری رکھی ہوئی ہے۔سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ایران کے اقدامات اس کے جارحانہ موقف اور خطے کے ممالک کے داخلی امور میں مداخلت جاری رکھنے کی پالیسی کے عکاس ہیں۔ وہ خطے کی سلامتی اور استحکام کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے۔انھوں نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دوسرے ممالک کے خلاف اپنی منفی پالیسی پر نظرثانی کرے۔انھوں نے عالمی برادری پر بھی زوردیا ہے کہ وہ ایران کو خطے کے امن اور سلامتی کو نقصان پہنچانے سے روکے۔

متعلقہ عنوان :