بلاول سیاست میں ابھی طفل مکتب ہیں، مسلم لیگ (ن)کے رہنماء ڈاکٹر جمال نا صر

اتوار 18 دسمبر 2016 19:00

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 دسمبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنماء ڈاکٹر جمال نا صر نے کہاہے کہ بلاول سیاست میں ابھی طفل مکتب ہیں اور چوہدری نثار علی خان قومی سیاست کا وہ سکول آف تھاٹ ہیں جنہوں نے بلدیاتی اداروںکی سیاست سے قومی سطح تک خودداری ، شرافت ، ایمانداری اور حب الوطنی کے عملی مظاہرے سے خود کو ایک عظیم اور معاملہ فہم قومی سیاسی رہنما ثابت کیا ہے ان کی کردار کشی سے اپنا سیاسی قد کاٹھ بڑھانے اور پیپلز پارٹی کے مردہ سیاسی گھوڑے میں نئی روح ڈالنے کے خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ چوہدری نثار علی خان قومی سیاست کے وہ ستون ہیں جنہوں نے ملک میں انتشار پھیلانے اورقومی اداروںپر حملہ آور ہونے والوںکا ناطقہ بند کیا، دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے اور کراچی کا امن بحال کرنے کے لئے ان کی قومی خدمات آب زر سے لکھی جانے کے لائق ہیںایسے رہنماؤں کے خلاف سازشوں کا جال بننے والے پاکستان کے داخلی استحکام کو خطرے میںڈالنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر جمال ناصر نے کہاکہ ملک دشمن قوتیں ملک میں سیاسی افراتفری برپا کرنے کی سازشوں میں ناکامی کے بعد اب وفاقی وزیر داخلہ کے خلاف مہم جوئی پر اتر آئی ہیں اور تمام تر توپوں کا رخ ایک ایسے قومی سیاسی رہنما کی طرف موڑ دیا گیا ہے جو اب تک اپنی اصولی سیاست کی وجہ سے قومی وقار کی علامت ہیں اور انہوں نے ہر مشکل وقت میں ملکی استحکام اور سیاسی نظام کو خطرے میں ڈالنے والوں کو نکیل ڈالی اورقومی مفاد کو مقدم رکھا ۔

انہوں نے کہاکہ ایک ایسی سیاسی شخصیت جس نے کبھی مفادات پر سمجھوتہ نہیں کیا اسے کسی دھونس ، دھاندلی یا سازش سے ڈرایا نہیں جاسکتا اور نہ ہی اس کے عزم کو کمزور کیا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہاکہ چوہدری نثار علی خان کے خلاف پراپیگنڈہ مہم کامیاب نہیں ہو سکتی انہو ں نے عہدوں اور مرتبوں کے بجائے سیاسی اقدار کو سر بلند رکھا، یہی وجہ ہے کہ معتبر عوامی ، سماجی و سیاسی حلقوں میں ان کا نام عزت اور توقیر سے لیا جاتا ہے اوران کی عظیم قومی سیاسی خدمات پر انہیںخراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :