Live Updates

عمران خان یو ٹرن کی نہیں گوریلا وار فیئر کی طرز پر سیاست کررہے ہیں ‘ شیخ رشید

استدعا ہے پانامہ لیکس پر کمیشن نہ بنایا جائے ،اگرعمران خان کمیشن کابائیکاٹ کربھی لیں میں آخری دم تک لڑوں گا

اتوار 18 دسمبر 2016 18:40

عمران خان یو ٹرن کی نہیں گوریلا وار فیئر کی طرز پر سیاست کررہے ہیں ‘ ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2016ء) پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ سیاسی مخالفین عمران خان کی سیاست کو یو ٹرن کہتے رہیں لیکن میں سمجھتا ہوں کہ وہ گوریلا وار فیئر کی طرز پر سیاست کررہے ہیں، سپریم کورٹ سے استدعا ہے کہ وہ پانامہ لیکس پر کمیشن نہ بنائے ،اگرعمران خان کمیشن بننے کی صورت میں بائیکاٹ کربھی لیں لیکن میں بائیکاٹ کی بجائے آخری دم تک لڑوں گا ،پیپلزپارٹی کے 4مطالبات پو رے نہ ہونے پر احتجاج میں شرکت کافیصلہ 27دسمبر کے بعد کروں گا، کوئٹہ کمیشن رپورٹ پر کچھ بھی نہیں ہوگا اور دوتین دن ٹاک شوز کے بعد یہ ختم ہو جائے گا،پاکستان کو بارڈرسے زیادہ اندر سے خطرہ ہے ۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ حکومت تو پانامہ لیکس کے معاملے پر باربار کہہ رہی ہے کہ جائو جو کچھ کرنا ہے کر لولیکن ہم نے ہتھیا رنہیں پھینکے، ہم ابھی بھی لڑ رہے ہیں اور ہمیں جب جب موقع ملے گاہر روز حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے ، میں کوئی پیشہ ور وکیل نہیں ہوں لیکن پوری قوم دیکھے گی کہ میں پانامہ لیکس کا مقدمہ کیسے لڑتا ہوں ،اگر سپریم کو رٹ نے کمیشن بنایا تو عمران خان اس کا بائیکاٹ کربھی لیں لیکن میں بائیکاٹ نہیں کروں گا،میں اپنا کیس واپس نہیں لو ں گا ، آخری دم تک لڑوں گاچاہے فیصلہ کچھ بھی کیوں نہ آئے ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنے تمام اثاثہ جات تسلیم کر چکی ہے اس لیے اب بار ثبوت مکمل طورپر میاں نوازشریف پر ہے ، میں نے میاں نواز شریف کے بیرون ممالک فلیٹس خود اپنی آنکھوں سے دیکھے ہیںاور سال 2006 ء سے قبل ان فلیٹس میں میں خود جا تا رہا ہوں۔قطری شہزادے کے خط کو 20کروڑ میں سے ایک بندہ بھی تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں کہ یہ اصلی خط ہے ۔

انہو ں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری پر ہونے والی سیاست کو چین پسند نہیں کر رہا۔ انہو ں نے کہا کہ میرا سپیکر باربار بند کیے جانے پر اتنا تنگ آگیا ہوںکہ اب میرے دل سے سپیکر کیلئے بددعا ہی نکلتی ہے ۔افسوس اگر پی ٹی آئی مجھے چار ووٹ دے دیتی تو آج میں قائد حزب اختلاف ہوتالیکن پی ٹی آئی نے مجھے صرف چار ووٹ بھی نہیںدئیے۔ انہو ں نے کہا کہ ماڈل ٹائون میں14شہادتیں شہباز شریف کا پیچھا نہیں چھوڑیں گی میں بھی جلد ڈاکٹر طاہرالقادری سے تفصیلی ملاقات کر وں گا۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان کو بارڈرسے زیادہ اندر سے خطرہ ہے ، باہر سے جو ہمیں چھیڑے گا پاش پا ش ہو جائے گا،ہماری فوج دشمن کی ہر کارروائی کامنہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ملک کے اندر غیر اعلانیہ جنگ جا ری ہے، بلو چستان کوالگ کرنے کی بین الاقوامی سطح پر سازش کی جا رہی ہے لیکن یہ تمام سازشیں ناکام ہو ں گی ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات