عربی زبان کی ترویج و اشاعت اور فروغ کیلئے ہر سطح پر جدوجہد کی جائے گی‘طاہر محمو داشرفی

عربی زبان کے فروغ سے دہشت گردی ،انتہاپسندی کے خاتمے میں مدد ملے گی، مسلم امہ کے اتحاد و یکجہتی کیلئے عربی زبان مرکزی کرداراداکرسکتی ہے‘چیئرمین پاکستان علماء کونسل کا کانفرنس سے خطاب

اتوار 18 دسمبر 2016 18:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2016ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہاکہ عربی زبان کی ترویج و اشاعت اور فروغ کیلئے ہر سطح پر جدوجہد کی جائے گی،عربی زبان کے فروغ سے دہشت گردی ،انتہاپسندی کے خاتمے میں مدد ملے گی، مسلم امہ کے اتحاد و یکجہتی کیلئے عربی زبان مرکزی کرداراداکرسکتی ہے، پاکستان علماء کونسل کے تحت لاہور ،اسلام آباد ،گوجرانوالہ ،فیصل آباد اور دیگر شہروں میں جنید جمشید کے نام پر فروغ عربی سینٹر قائم کئے جائیں گے۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل اسلام آباد کے تحت ’’لسان رحمت اللعالمین ؐ کانفرنس‘‘ کے مشترکہ اعلامیہ میں کہی گئی۔ کانفرنس کی صدارت پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کی جبکہ کانفرنس میں فلسطین ،مصر سمیت دیگر اسلامی ممالک کے سفراء اور سفارتی نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ آئین پاکستان کے مطابق عربی زبان کو تعلیم میں لازمی قرار دینا چاہئے۔

پاکستان میں اسلام کے نام پر ابھر نے والے فتنوںکا شکار نوجوان اسلئے ہوئے ہیں کہ قرآن وسنت کو سمجھنے کیلئے ان کو عربی زبان نہیں سکھائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک بھر میں عمرہ وحج پر جانے والے زائرین کیلئے بھی پندرہ روزہ کورسز کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج حلب ،کشمیر اور فلسطین میں ظلم کی انتہاہوگئی ہے ۔

مسلم امہ کی اس پر خاموشی قابل مذمت ہے ۔انہوں نے کہا کہ حلب اور شام کے بعد یمن اور بحرین میں مداخلت کی باتیں مسلم امہ کیلئے لمحہ فکریہ ہیں ۔ پاکستان ،سعودی عرب ،قطر اور ترکی کو فوری طور پر عالم اسلام اور خصوصا حلب کی صورتحال پر متفقہ لائحہ عمل اپنانا چاہئے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں فلسطین کے سفیر ولید ابو علی نے کہا کہ پاکستانی اور فلطین کی عوام کا روح اور ایمان کا رشتہ ہے ۔

فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم پر عالمی انسانی حقوق کے اداروں کی خاموشی مجرمانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام،عراق،یمن،لیبیاء میں جو مظالم ہورہے ہیں ان کا واحد مقصد مسلم امہ کے اتحاد کو کمزور کرنا ہے اور اسرائیل کو مضبوط کرنا ہے ۔پاکستان میں مصر کے سفیرمحمد کمال الدین شاہین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعة الازہر عربی زبان کے فروغ اور مسلم امہ کے اتحاد کیلئے اپنا کردار اداکرتی رہے گی۔

عربی زبان قرآن کریم کی زبان ہے جس کو ایک ارب ستر کروڑ انسان پڑھتے ہیں۔پاکستانی طلباء اور نوجوان نسل کو انتہاپسندی ،دہشت گردی سے آگاہی کیلئے ہر سطح پر تعاون کرے گا۔شیخ الازہر کے حکم پر پاکستان علماء کونسل کے ساتھ مل کر اسلامک سینٹر قائم کیا جائے گا ۔آئمہ ،خطباء اور اساتذہ کیلئے تربیتی پروگراموں کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔کانفرنس میں ایک قرار داد میں سعودی عرب،قطر،ترکی اور دیگر عرب ممالک سے شام کے مظلوم مہاجرین کی ہر ممکن امداد کی اپیل کی گئی ۔

کانفرنس میں ایک اور قرار داد کے زریعے طیارہ حادثہ میں شہید ہونے والے جنید جمشید اور دیگر مسلم شہیداء کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا اور خصوصی دعا کی گئی۔پاکستان علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ عربی زبان کا فروغ پاکستان علماء کونسل کے منشور و دستور کا حصہ ہے ۔ مدارس عربیہ ، سکولز اور کالجز کے طلباء کیلئے عربی زبان کی تعلیم کو لازم قرار دیا جائے اور جس طرح حکومت ترکی ،چینی زبان کے فروغ کیلئے محنت کررہی ہے اسی طرح عربی زبان کے فروغ کیلئے کوششیں کی جائیں ۔

متعلقہ عنوان :