ریئس الا حرار چوہدری غلام عباس کی کشمیر کی آزادی کے لیے کوششوں اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،نہتے کشمیری عوام پر بھارتی مظالم تحریک آزادی کشمیر کو نہیں دبا سکتے ،تمام فورمز پر کشمیر یوں کی سیاسی،اخلاقی وسفارتی حمایت جاری رکھیں گے،وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر

اتوار 18 دسمبر 2016 17:40

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طا ہر نے کہا ہے کہ ریئس الا حرار چوہدری غلام عباس کی کشمیر کی آزادی کے لیے کوششوں اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،نہتے کشمیری عوام پر بھارتی مظالم تحریک آزادی کشمیر کو نہیں دبا سکتے ،تمام فورمز پر کشمیر یوں کی سیاسی،اخلاقی وسفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

چوہدری غلام عباس کی برسی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی اورکشمیری عوام کے حقوق کے لیے چوہدری غلام عباس کی قربانیاں اور کوششیں قابل تحسین ہیں۔انہوںنے کہا کہ چوہدری غلام عباس کشمیر کے اُنpioneer لیڈران میں سے تھے جنہوں نے عملی طور پر تحریک آزادی کشمیر کو شروع کیااوروہ اس کے نگران اعلیٰ تھے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ چوہدری غلام عباس ڈوگراراج اور انڈین کانگریس کے خلاف کشمیری عوام کا بہت بڑا سہارا تھے اور اُن کی قائداعظم اور مسلم لیگ سے قربت اُن کی پاکستان سے وابستگی اور محبت کا کھلا ثبوت ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ رئیس الاحرارکے نقش قدم پرچلتے ہوئے آج بھی کشمیر ی عوام اپنے حق خودارادیت اور آزادی کے لیے پرُ امن تحریک آزادی کو پورے جوش ولولے سے جاری رکھے ہوئے ہیں انہوں نے کہاکہ غاصب اور ظالم بھارتی فوج کی جانب سے نہتے کشمیری عوام کو چھرے والی بندوق سے نشانہ بنانے سمیت دیگر ظالمانہ اقدامات اُن کے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتے ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ایل او سی کے اس پار اور اُس پار بھارتی ظالمانہ ہتھکنڈوں سے ہرگز مرعوب نہیں ہونے والے اور ہر قسم کی بھارتی اشتعال انگیزی کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں ۔آج آٹھ لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی میں غیور اور بہادر کشمیری عوام پاکستان سے وابستگی کے لیے آئے روز پاکستانی پرچم لہراتے ہیں اور ایل او سی کے اس بار بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور جارحیت کے نتیجے میں اپنے معصوم بچوں کی قربانیاں بیش کرنے والے بہادر کشمیر ی عوام بھارتی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑے ہیں اور اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی حمایت کے لیے پرُعزم ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان بھارت کی جانب سے آئے دن کی گیڈر بھبگیوں اور آبی جارحیت کی دھمکیوں سے ہرگز مرعوب ہونے والا نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے اور پاکستان کے ٹکڑے دیکھنے والے بھارتی رہنمائوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی حکمت عملی اور سیکیورٹی اداروں کی کوششوں سے آج پاکستان سے دہشت گردی کا 80 فیصد خاتمہ کر دیا گیا ہے اور پورے ملک میں کومنگ آپریشنززتیزی سے جاری ہیں جس سے باقی ماندہ 20 فیصد دہشت گردی کا بھی مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا۔

اُنہوںنے کہا کہ کولڈ سٹارٹ و دیگر سازشوں کی صورت میں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی دُشمن کے منصوبے فیل ہو چکے ہیں اور تورخم تاگوادرپاکستان کے عوام،حکومت اور فوج دُشمن کی سازشوں اور دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے عزم کیے ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کی خام خیالی ہے کہ وہ پاکستان کو کسی صورت میں کشمیری کی حمایت سے پیچھے ہٹا سکتا ہے ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان دُنیا کے تمام فورمز پر کشمیری عوام کے حق خودارادیت اور آزادی کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔

متعلقہ عنوان :