شریف خاندان اور ان کے حواری نوشتہ دیوار پڑھ لیں اب یہ پانامہ کے شکنجے سے باہر نہیں نکل سکیں گے ‘یاسمین راشد

حکمران خاندان کی شفاف کرپشن کا پوسٹمارٹم ہو کر رہے گا جس سے ان کا کچاچٹھا عوام کے سامنے آ جائے گا‘پی ٹی آئی کی مرکزی رہنماء

اتوار 18 دسمبر 2016 17:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2016ء) پاکستان تحریک انصا ف کی مرکزی رہنماڈاکڑ یاسمین راشد نے کہا ہے کہ حکمرانوںکو بیرون ممالک سے اربوں روپے تحفے میں تو مل جاتے ہیں لیکن حیرت ہے حکمرانوں کے یہی دوست عوام کی فلاح کیلئے مفت میں ایک پائی دینے کو تیار نہیں ہوتے ،شریف خاندان اور ان کے حواری نوشتہ دیوار پڑھ لیں اب یہ پانامہ کے شکنجے سے باہر نہیں نکل سکیں گے ،شریف خاندان کے تمام افراد کے بیانات میں واضح تضاد ہے ، پہلے کہا گیا کہ سٹیل مل فروخت کر کے بیرون ممالک جائیدادیں خریدی گئیں ۔

اپنے بیا ن میں انہوںنے کہاکہ پھرقطر ی دوست کی مالی معاونت کا بیان سامنا آ گیا ۔ حکمران ملک و قوم کے پیسے سے تحفے تحائف دے کر بیرون ممالک کے حکمرانوں اورامیر خاندانوں سے دوستی پالتے اور نبھاتے ہیں اور پھر انہیں اس کے بعد اپنے لئے بھی اربوں روپے تحائف میں مل جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

حکمران کرپشن کے خاتمے کی بجائے اس کی بھرپور پرورش کر رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج یہ تناور درخت بن گیا ہے ۔

انہو ں نے کہاکہ حکمران خاندان کی شفاف کرپشن کا پوسٹمارٹم ہو کر رہے گا جس سے ان کا کچاچٹھا عوام کے سامنے آ جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں میں کمیشن کھانے کا سلسلہ عروج پر ہے ، ملک کیلئے بد عنوانی کسی کینسر سے کم نہیں اگر عوام چاہتے ہیں کہ اس ملک میں بسنے والے ہر پاکستانی کو صحت ‘تعلیم سمیت تمام بنیادی سہولتیں میسر آئے تو پھر سب کو ملک میں شفاف احتساب اور بے لاگ احتساب کیلئے آواز بلند کر نا ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ معاشی مسائل میں سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے اور کرپشن کی کوکھ سے ہی تمام مسائل نے جنم لیا ہے اگر عوام ملکی ترقی اور قومی وقار کی بحالی چاہتے ہیں تو انہیںکر پشن اور کرپٹ سے نجات حاصل کر نے کیلئے اپنے ووٹ کی طاقت کا بھی بھرپور استعمال کر نا ہوگا ۔

متعلقہ عنوان :