بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا پاکستان توڑنے کا اعتراف بھارت نواز حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے‘عبدالعلیم خان

وزیر داخلہ کی وضاحت عوام کو مطمئن نہیں کر سکے گی ،استعفیٰ دینا ہو گا ،مردم شماری کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں ، حکومت دیگر عدالتی فیصلوں پر بھی عملدرآمد کرے

اتوار 18 دسمبر 2016 17:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2016ء) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے پاکستان کو توڑنے کا ایک مرتبہ پھر اعتراف بھارت نواز پاکستانی حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے ،بھارت کی طرف سے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی قابل مذمت ہے ،سرحدوں پر عالمی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی پر حکومت وقت کو بھارت کو منہ توڑ جواب دینا چاہیے اور معصوم شہریوں کی جانوں سے کھیلنے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے ۔

ان خیالات کااظہارعبدالعلیم خان نے چیئرمین سیکرٹریٹ میں پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوںنے کہاکہ مودی سرکار سے دوستی بڑھانے والوں کو جواب دینا چاہیے کہ سرحدوں پر فائرنگ ان کی کونسی بیک ڈور ڈپلومیسی کا نتیجہ ہے اگروفاقی حکومت سفارتی محاذ پر اپنا موثر کردار ادا کرتی تو بھارت کو آئے روز ایسی وحشیانہ حرکتوں کو ارتکاب کرنے کی جراء ت نہ ہوتی انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف بھارتی جارحیت کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کا مطالبہ کرتی ہے انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے پاکستان دشمنی کی انتہا کر دی ہے جبکہ حکمرانوں نے بھارت نوازی کی انتہا کر دی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ بہانے مت بنائیں سپریم کورٹ کے تحقیقاتی کمیشن کی حکومت کے خلاف چارج شیٹ کے بعد وزیرداخلہ کا اپنے منصب پر قائم رہنے کا کوئی جواز نہیں اور بہتر ہوتا کہ وہ اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کرتے ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملک میں مردم شماری کا انعقاد تحریک انصاف کا بھی مطالبہ تھا جسے حکومت نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے متعدد فیصلوں کے بعد تسلیم کیا ہے ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ دیگر عدالتی فیصلوں پر بھی عملدرآمد کیا جائے ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ نئی مردم شماری سے قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں تبدیلی سامنے آئے گی جس کا انشاء اللہ فائدہ تحریک انصاف کو ہو گا ۔انہوں نے پارٹی کارکنوں سے کہاکہ وہ عام انتخابات کی ابھی سے تیاری شروع کر دیں اور ماضی کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے بہتر سے بہتر منصوبہ بندی کو یقینی بنائیں۔