آصف زرداری 23 دسمبر کو واپس آئیں گے، بلاول بھٹو زرداری کا اعلان

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 18 دسمبر 2016 17:13

آصف زرداری 23 دسمبر کو واپس آئیں گے، بلاول بھٹو زرداری کا اعلان

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18دسمبر۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے والد اور پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی وطن واپسی کے لیے 23 دسمبر کی تاریخ کا اعلان کردیا۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'ہم پاکستان میں جمہوری احتساب چاہتے ہیں'۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے استقبال کے لیے صرف 3 دن کا وقت ملا ہے لیکن اس مختصر وقت میں بھی زبردست استقبال کریں گے۔

پاناما لیکس کے حوالے سے بلاول نے کہا کہ پاناما اسکینڈل کا شفاف احتساب چاہتے ہیں۔ بلاول نے کہا کہ آصف زرداری ساتھ ہوں گے تو ہمارے چار مطالبات جلد منظور ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ 'پاناما اسکینڈل میں اگر میرا نام آیا ہے تو مجھے بھی گرفتار کریں، لیکن بات یہ ہے کہ میں وزیراعظم نہیں ہوں ملک کا'۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 'میرا اور میرے خاندان کا نام پاناما پیپرز میں نہیں آیا'۔

واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے 17 جون 2015 کو صوبہ خیبرپختونخوا میں ایک تقریر کے دوران بظاہر اسٹیبلشمنٹ کو للکارتے ہوئے کہا تھا کہ 'ہمیں پریشان نہ کیا جائے، ورنہ اینٹ سے اینٹ بجادی جائے گی'۔ اس بیان کے ایک ہفتے کے اندر ہی نامعلوم وجوہات کی بنا پر سابق صدر ملک چھوڑ گئے تھے، وہ 25 جون سے دبئی میں مقیم ہیں۔