قوم کی لوٹی ہوئی دولت سوئس بینکوں سے واپس پاکستان لائی جائے‘سید بلال شیرازی

عوام کے ٹیکسوں کی اربوں روپے کی سوئس بنکوں و پانامہ لیکس میں موجود رقم قوم کی امانت ہے ‘ صدر مسلم لیگ یوتھ ونگ

اتوار 18 دسمبر 2016 16:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما و مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا ہے کہ سوئس بینکوں اور پانامہ لیکس میں پاکستانی قوم کی لوٹی ہوئی دولت کی واپسی کیلئے اقدامات کیے جائیں ، عوام اپنے خون پسینے کی کمائی سے ٹیکس ادا کرکے حکومتی ریونیو میں اضافہ کرتے ہیں تاکہ ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ دیگر حکومتی امور باآسانی سرانجام پاسکیں ۔

عوام کے ٹیکسوں کی اربوں روپے کی سوئس بنکوں و پانامہ لیکس میں موجود رقم قوم کی امانت ہے جسے واپس لایا جانا انتہائی ضروری ہے۔ سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا کہ سوئس بنیکوں میں پاکستانیوں کے فرضی اور بے نام اکائونٹس میں اربوں کھربوں روپے کی رقم موجود ہے جسے واپس لاکر پاکستانی عوام کے فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے انہوںنے کہا کہ سوئس بنکوں کی رقم پاکستان لائی جائے تو قوم کو قرضوں و ٹیکسوں سے نجات مل جائے گی سوئس بنکوں کی رقم قرضوں کی ادائیگی کے لیے استعمال میں لائی جائے تاکہ ملک پر بڑھتے ہوئے قرضوں کا لوڈ کم ہوسکے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ کرپشن ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے۔جس کا خاتمہ ضروری ہے اپوزیشن کی جانب سے گریٹر اقبال پارک کی سیکیورٹی کیلئی2.5ارب کے ٹھیکہ من پسند افراد کو دینے کے بارے میں نشاندہی انتہائی افسوسناک ہے جو بلاجواز اور بلاٹینڈرہے کرپشن کی اس سکینڈل کو نظر انداز نہ کیا جائے۔اس کی تحقیقات کروائی جائے کیونکہ یہ عوام کے تحفظ کا مسئلہ ہے ۔