کراچی تا پشاور ریلوے لائن گیٹ فری بنانے کا فیصلہ

فیصلے کے تحت ریلوے ٹریک کے دونوں جانب موٹر وے کے طرز کے آہنی جنگلے بھی لگائے جائیں گے

اتوار 18 دسمبر 2016 16:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2016ء) پاک چین اقتصادی راہداری کے اگلے منصوبے میں ریل کے سفر کو تیز اور محفوظ بنانے کے لئے کراچی سے پشاور تک انڈر پاس یا اور ہیڈ برج بناکر ریلوے لائن کو گیٹ فری بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق فیصلے کے تحت ریلوے ٹریک کے دونوں جانب موٹر وے کے طرز کے آہنی جنگلے بھی لگائے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ریلوے ٹریک کو گیٹ فری بنانے کے لیے منصوبے کا پہلا مرحلہ پشاور اور راولپنڈی کے درمیان شروع کیا جائیگا، منصوبے پر کام کا آغاز پشاور سے ہوگا اور پہلا مرحلہ آئندہ سال ہی مکمل کرلیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق منصوبے کے تحت کراچی سے پشاور تک پورے ٹریک پرجہاں بھی گیٹ ہیں وہاں یا تو اوور ہیڈ پلوں یا انڈر پاسز کے ذریعے ٹریفک کو گزارا جائیگا اسی طرح ٹریک کے گرد جنگلے لگاکر ریلوے لائنز پر غیرقانونی کراسنگ کو بھی روکا جائیگا تاکہ سفر کو تیز اور محفوظ بنایاجاسکے۔

سی پیک کے تحت بننے والے منصوبے کیلئے ریلوے کو فنڈز مہیا کردئیے گئے ہیں اسی طرح ریل ٹریک پر آٹو میٹک سگنل سسٹم لگادیا ہے۔حکام کے مطابق اس سے حادثات کو روکنے میں مدد ملے گی اور اگر کسی ٹریک پر ٹرین موجود ہوگی تو خودکار سسٹم کی مدد سے ڈرائیور کو پتہ چل جائے گا۔

متعلقہ عنوان :