بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے ، پاکستان اس کی سوچ سے بھی زیادہ طاقتور ہے،ڈاکٹرقدیرخان

آج پاکستان میں کئی قدیر خان بن گئے ہیں ، یہ صرف عشق و محبت کی بات ہے ،مجھے اور میری ٹیم کو پاکستان اور پاکستانی قوم سے پیار تھا،تقریب سے خطاب

اتوار 18 دسمبر 2016 16:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 دسمبر2016ء) معروف سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہاہے کہ بھارت احمقوں کی دنیا میں رہتا ہے اس کو پتہ نہیں اللہ نے پاکستان کو کتنا طاقتور بنادیا ہے۔ماورا کے زیر اہتمام 18 سو سے زائد قرآنی موضوعات پر مبنی سید الظفر صدیقی کی تصنیف انسائیکلوپیڈیا کتاب کی رونمائی کے لئے مقامی ہوٹل میں ایک تقریب کا انعقاد کیاگیا جس کی صدارت پاکستان کے معروف سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کی اس تقریب میں پی ٹی وی کے چیئرمین عطاالحق قاسمی، سینئر صحافی ضیاشاہد، ڈاکٹر صغری صدف، صوفیہ بیدار، ظہیر الدین بابر، پروفیسر رفاقت گوندل کے علاوہ ادبی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ کسی کام کو کرنے کے لئے ضروری ہے کہ اس کام سے عشق ہون چاہیے جس کام کو کرنے کے لئے عشق ہوجائے تو وہ کام پایہ تکمیل کو پہنچ جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انڈیا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہاکہ اس نے ایٹمی دھماکے کرکے یہ سمجھا ہوگا کہ پاکستان خاموش رہے گا یہ اس کی سوچ تھی پھر ہم نے وہ کردکھایا جو وہ سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔ آج پاکستان میں کئی قدیر خان بن گئے ہیں ، یہ صرف عشق و محبت کی بات ہے مجھے اور میری ٹیم کو پاکستان اور پاکستانی قوم سے پیار تھا۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا احمقوں کی دنیا میں رہتا ہے اس کو پتہ نہیں اللہ نے پاکستان کو کتنا طاقتور بنادیا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے سعید الظفر صدیقی کی کاوشوں کو سراہا۔