پیپلز پارٹی کا پانامہ بل قومی اسمبلی سے منظور کرانے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا فیصلہ

حکومت کو سینیٹ کے فیصلے کے آگے سر تسلیم خم کرلینا چاہیے،قمر زمان کائرہ کی تمام سیاسی قوتوں سے رابطوں کی تصدیق

اتوار 18 دسمبر 2016 15:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے پانامہ بل قومی اسمبلی سے منظور کرانے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا فیصلہ کرلیا ۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے سینیٹ سے منظور ہونے والے پانامہ بل کی قومی اسمبلی سے منظوری کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کے ارکان کی حمایت حاصل کرنے کے لئے رابطوں کا فیصلہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بل پاس کرانے کے لئے تمام سیاسی قوتوں سے رابطے کیے جائیں گے ۔ قمر زمان کائرہ کا مزید کہنا ہے کہ حکومت کو سینیٹ کے فیصلے کے آگے سر تسلیم خم کرلینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پانامہ بل کو سینیٹ نے واضح اکثریت سے پاس کیا ہے ۔ حکومت کے پاس موقع ہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے بل کو پاس کرکے سمجھداری کا مظاہرہ کرے ۔