حکومت نے مقامی حکومتوں کو فعال کرنے اوربروقت فنڈز کی فراہمی کیلئے لائحہ عمل تیار کر لیا‘صوبائی وزیر منشا اللہ بٹ

پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ2013 ء کے تحت عبوری صوبائی مالیاتی کمیشن ایوراڈ کی بنیاد پر گرانٹس کی منتقلی کا فیصلہ کر لیا گیا عبوری ایوارڈ میں یونین کونسلز، میونسپل کمیٹیوں، میونپل کارپوریشن اور ضلعی کونسل کے ترقیاتی و غیر ترقیاتی فنڈز میں اضافے کی سفارشات منظور کر لی گئیں

اتوار 18 دسمبر 2016 14:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2016ء)صوبائی وزیر لو کل گورنمنٹ و کمیونٹی ڈویلپمنٹ محمد منشا اللہ بٹ نے کہا ہے کہ حکومت نے مقامی حکومتوں کو فعال کرنے اوربروقت فنڈز کی فراہمی کیلئے لائحہ عمل تیار کر لیاہے۔مسلم لیگی ورکروں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مقامی حکومتوں کو فعال کرنے اوربروقت فنڈز کی فراہمی کے لئے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ2013 ء کے تحت عبوری صوبائی مالیاتی کمیشن ایوراڈ کی بنیاد پر گرانٹس کی منتقلی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

اس سلسلے میں مختلف افسران پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔عبوری ایوارڈ میں یونین کونسلز، میونسپل کمیٹیوں، میونپل کارپوریشن اور ضلعی کونسلز کے ترقیاتی و غیر ترقیاتی فنڈز میں اضافے کی سفارشات کو منظور کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کمیٹی کے سفارش کردہ ایورڈ فارمولا کے تحت جنوبی پنجاب کے اضلاع کے وسائل میں واضح اضافہ ہو گا۔ اس اقدام کا مقصدجنوبی پنجاب میں تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مقامی حکومتوں کو اپنے وسائل میں اضافہ اور مسائل کے حل کے لئے اختیارات بھی دئے جائیں گے اور دیہاتی علاقوں میں شہری سہولیات کی فراہمی کو مزید بہتر بناے کے لئے حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔