محکمہ زراعت کی کھیرے ، گھیا کدو،بینگن، خربوزے اور تربوز کیلئے ٹنل کا درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈرکھنے کی ہدایت

اتوار 18 دسمبر 2016 14:30

فیصل آباد۔18 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2016ء)محکمہ زراعت نے کھیرے ، گھیا کدو، چپن کدو، حلوہ کدو، گھیا توری، بینگن، خربوزے اور تربوز کیلئے ٹنل کا درجہ حرارت 18سے 24 ڈگری سینٹی گریڈرکھنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ مذکورہ درجہ حرارت سے کم یازیادہ درجہ حرارت سبزیوں کیلئے نقصان دہ ثابت ہوسکتاہے لہٰذا اس ضمن میں کسی غفلت کامظاہرہ نہ کیاجائے۔

محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے کہاکہ شملہ مرچ اور سبز مرچ کیلئے درجہ حرارت 21سے 24 جبکہ ٹماٹر اور کریلے کی فصل کیلئے 21سے 29ڈگری سینٹی گریڈ موزوں ہے۔انہوں نے بتایا کہ دن کے وقت ٹنل کے دروازے کچھ وقت کیلئے کھول دیے جائیں تاکہ ٹنل میں نمی اور درجہ حرارت مناسب رہے اور بیماریوں کا حملہ نہ ہواور دن کے وقت درجہ حرارت میں اضافہ رات کے وقت پودوں کے کام آتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جب درجہ حرارت بڑھنا شروع ہو جائے تو ٹنل کے دروازے زیادہ دیر کیلئے کھولیں کیونکہ ٹنل کے اندر نمی کی زیادتی پھپھوندی والی بیماریوں کا باعث بنتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ اس موقع پر اگر ممکن ہو تو ٹنل میں ہوا خارج کرنے والا پنکھا لگا دیاجائے تاکہ نمی کو کنٹرول کیا جا سکے۔انہوںنے کہاکہ بیلوں والی سبزیوں میں نر اور مادہ پھول الگ الگ ہوتے ہیںاس لئے ان میں اختلاط نسل خودبخود نہیں ہوتا لہٰذا یہ کام ہاتھ سے کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار یہ عمل ٹنل کے پلاسٹک اتارنے تک جاری رکھیںکیونکہ پلاسٹک اتارنے کے بعد یہ کام مکھیاں سرانجام دیتی ہیں تاہم اگر پارتھینو کارپک اقسام کاشت کی گئی ہوں تو مصنوعی زرپاشی کی ضرورت نہیں رہتی۔