کاشتکاروں کو ون ونڈو آپریشن کے تحت قرضوں کی فراہمی میں کسی قسم کی شکایت فوری ٹال فری نمبر پر درج کروانے کی ہدایت

اتوار 18 دسمبر 2016 14:30

فیصل آباد۔18 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2016ء)زرعی ترقیاتی بینک نے ون ونڈو آپریشن کے تحت قرضوں کی فراہمی میں کسی قسم کی مشکل یا شکایت فوری ٹال فری نمبر پر درج کروانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ کاشتکاروں کی سہولت کیلئے آسان شرائط پر بیج ، کھاد، زرعی آلات و دیگر زرعی مداخل کے حصول کیلئے بھر پور طریقے سے ون ونڈو آپریشن کے تحت قرضوں کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے اور ہر سوموار کو 25ایکڑ نہری اور 50ایکڑ بارانی زمین کے مالک کاشتکاران سے قرضوں کی فراہمی کیلئے درخواستیں وصول کی جا رہی ہیں۔

زرعی ترقیاتی بینک فیصل آباد ریجن کے ذرائع نے بتایاکہ زرعی ترقیاتی بینک کی تمام برانچز کے منیجرز کو پابندکیا گیاہے کہ وہ کاشتکاروں کو 72گھنٹوں کے اندر اندرقرضوں کی فراہمی یقینی بنائیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ اس ضمن میں فری ہیلپ لائن 0800-15000 کا بھی اجراء کیا جا چکا ہے اس لئے اگر کسی کاشتکار کو بینک عملہ کے بارے میں کسی قسم کی کوئی شکایت ہو یا انہیں ون ونڈو آپریشن کے تحت قرضوں کی فراہمی میں بلاجواز تاخیر کا سامنا ہو تو وہ فوری طور پر ملک کے کسی بھی حصہ سے مذکورہ فری ہیلپ لائن پر مفت کال کر کے اپنی شکایت رجسٹر کروا سکتے ہیں۔ انہوںنے بتایاکہ کاشتکاروں کی شکایت پر 48گھنٹوں کے اندر اندر کاروائی کو یقینی بنایاجا ئیگا۔