�رسمس کی آمد" ۔ فیصل آباد ریجن کے 336چرچز کی فول پروف سکیورٹی کیلئے تمام انتظامات کی ہدایت کر دی گئی

اتوار 18 دسمبر 2016 14:30

فیصل آباد۔18 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2016ء) مسیحی برادری کی کرسمس کی تقریبات کے خوشگوار ، پر سکون اور پر امن ماحول میں انعقاد کیلئے فیصل آباد کے 257، ٹوبہ ٹیک سنگھ کے 70، جھنگ کے 7 اور چنیوٹ کے 2گرجا گھروں سمیت فیصل آباد ریجن کے 336چرچز کی فول پروف سکیورٹی کیلئے تمام انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جہاں پولیس افسران سمیت 2ہزارسے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی دیںگے۔

ریجنل پولیس فیصل آباد ریجن کے ذرائع نے بتایاکہ کرسمس کی تمام تقریبات کے انٹری مقامات پر واک تھرو گیٹس نصب کئے جا ئیں گے جہاں ہر شخص کو داخلے پر چیکنگ کروانا ہو گی ۔ انہوں نے بتایاکہ اس موقع پر سپیشل برانچ ، کوئیک رسپانس فورس اور انٹی ٹیرر سٹ فورس کا عملہ بھی الرٹ رہنے کے ساتھ ساتھ چرچز کے قرب و جوار کے علاقوں کا گشت جاری رکھے گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ کرسمس کے ساتھ ساتھ نئے سال کی تقریبات کے موقع پر بھی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوںنے بتایاکہ ایلیٹ فورس کی گاڑیاں پٹرولنگ کے علاوہ غیر ملکی ڈپلومیٹ مشنز ، چرچز سٹاف ، کرسچین مشنریز اور این جی اوز کے عملہ کی حفاظت کیلئے چوکس رہیں گی۔ انہوںنے توقع ظاہر کی کہ مسیحی برادری کے افراد کرسمس کے موقع پر اپنے بہترین مفاد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں سے بھر پور تعاون کریںگے۔ انہوں نے اس موقع پر بین المذاہب ہم آہنگی اور اتحاد و یگانگت کی فضا کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔