وزیرا عظم آزاد کشمیر کی خصوصی ہدایت پرچوہدری غلام عباس کی برسی سرکاری سطح پر پوری عقیدت و احترام سے منائی گئی

صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان اور وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے قائد ملت کے مزار پر حاضری دی

اتوار 18 دسمبر 2016 13:31

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2016ء) قائد ملت چوہدری غلام عباس کی برسی پورے آ زادجموں وکشمیر میں عقیدت و احترام اور اس عزم کی تجدید کے ساتھ منائی گئی کہ الحاق پاکستان کی منزل حاصل کرنے تک بھارت کے خلاف کشمیریوں کی پرامن جدوجہد آزادی جاری رہے گی ۔اس سلسلے میں بڑی تقریب فیض آباد میں قائد ملت کے مزار پر ہوئی صدر آزادجموں وکشمیر سردار مسعود خان اور وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے قائد ملت چوہدری غلام عباس کے مزار پر حاضری دی ،پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ پڑھی ۔

اس موقع پر سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان ،وزیر خوراک سید شوکت شاہ ۔رکن اسمبلی اسد علیم شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔اس موقع پر آزادکشمیر پولیس کے چاک وچوبند دستے نے سلامی بھی دی ۔

(جاری ہے)

وزیرا عظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی خصوصی ہدایت پر برسی سرکاری سطح پر پوری عقیدت و احترام سے منائی گئی ۔وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر محکمہ اطلاعات آزادکشمیر ،اور جموں وکشمیر لبریشن سیل نے انتظامات کئے ۔

مزار کے احاطے میں صحافیوں سے گفتگو میں آزادجموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہاکہ رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے دست راست تھے وہ کشمیری قوم کے ایسے لیڈر تھے جنہیں تحریک پاکستان میں بھی اپنا کردار ادا کرنے کا اعزاز حاصل ہے ۔انہو ں نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ ان کی محبت بے مثال تھی یہی وجہ ہے کہ جب انہوں نے پاکستان کی سرزمین پر ہی دفن ہونے کی وصیت کی تھی ۔

وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہاکہ رئیس الاحرار بے لوث رہنماء تھے وہ مسلم لیگ کے اولین سپاہی تھے ۔انہوں نے کہاکہ وہ صاحب کردار، باعمل اوربااصول سیاستدان ہونے کے ساتھ ساتھ ایک درویش صفت شخصیت اور ملک و ملت کیلئے انتہا درجہ کی دردمندی رکھنے والے عظیم انسان تھے ۔ ۔انہوں نے مرحوم کشمیری لیڈر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلم لیگ کی حکومت چوہدری غلام عباس کے نقش قدم پر چلتے ہوے الحاق پاکستان کی منزل حاصل کرنے کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی ۔

انہوں نے کہاکہ یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ بانی پاکستان نے خود دروازے پر آ کر رئیس الاحرار کا استقبال کیا اور وہ ان کی بڑی قدر کرتے تھے ۔دریں اثناء سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان نے بھی کارکنوں کے ہمراہ مزار پر حاضری دی ،پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ۔اس موقع پر انہوں نے برسی کی تقریب میں شرکت کرنے والے افراد سے خطاب بھی کیا جس میں قائد ملت کے افکار اور خدمات پر روشنی ڈالی گئی ۔

رکن اسمبلی اسد علیم شاہ نے بھی مزار پر حاضری دی پھول چڑھائے اور فاتحہ پڑھی ۔سیکرٹری اطلاعات ،سیکرٹری لبریشن سیل کی جانب سے بھی مزار پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں ۔ دن بھر مختلف طبقہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد مزار پر آتے رہے ،فاتحہ خوانی کا سلسلہ جاری رہا اور مرحوم کشمیری رہنماء کو خراج عقیدت پیش کیا جاتا رہا ۔