پیپلز پارٹی کا 27 دسمبر کو سیاسی طاقت کے مظاہرے کا فیصلہ

جلسے سے بلاول بھٹو زرداری خطاب میں حکومت مخالف تحریک سے متعلق پارٹی کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے

اتوار 18 دسمبر 2016 13:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2016ء) پیپلز پارٹی نے 27 دسمبر کو شہید بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر سیاسی طاقت کے مظاہرے کا فیصلہ کیا ہے، عوامی جلسے سے بلاول بھٹو زرداری اپنے خطاب میں حکومت مخالف تحریک سے متعلق پارٹی کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق فیصلہ پیپلز پارٹی کے اہم رہنمائوں کے دبئی میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا جس میں سابق صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری،فریال تالپور اور وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران آصف علی زرداری کی وطن واپسی سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی اور مختلف آپشنز سمیت ملکی صورتحال پر بات کی گئی۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سابق وزیر اعظم شہید بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر حکومت سندھ کی جانب سے کئے گئے انتظامات خصوصاً سیکیورٹی انتظامات سے پارٹی قیادت کو آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں سندھ کی سیاسی اور انتظامی صورتحال سمیت وزراء کی کارکردگی سے متعلق بھی گفتگو ہوئی۔ذرائع نے بتایا کہ 27 دسمبر کو گڑھی خدابخش میں ہونے والے جلسے کے دوران بلاول بھٹو کی جانب سے حکومت مخالف تحریک چلانے سے متعلق اجلاس میں بات چیت کی گئی۔