عوام الناس کی آگاہی کیلئے سبزی منڈیوں میں تھوک و پرچون نرخ نامے جاری کرنے کی ہدایت

اتوار 18 دسمبر 2016 13:20

فیصل آباد۔18 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2016ء)عوام الناس کی آگاہی کیلئے سبزی منڈیوں میں الیکٹرانک پرائس بورڈز نصب اور روزانہ کی بنیاد پر تھوک و پرچون نرخ نامے ان بورڈ ز پر جاری کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے تاکہ شہریوں کو روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے اشیائے خوردونوش ، سبزیوں وپھلوں کی مقرر کردہ قیمتوں کا علم ہو سکے اور ناجائز منافع خوری کی بھی حوصلہ شکنی کو یقینی بنایاجاسکے ۔

(جاری ہے)

سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ فیصل آباد کے ذرائع نے بتایاکہ سبزی منڈی سدھار اور غلام محمد آباد کی تعمیر و ترقی کیلئے مزید منصوبہ بندی کی ہدایت کی گئی ہے جس کے تحت سبزی منڈی سدھار کو مزید کشادہ اور وسیع کرنے کیلئے ملحقہ زمین حاصل کی جائے گی اور سیوریج سسٹم کی مکمل بحال کے بعد بقیہ سڑکوں کی تعمیر بھی تیز رفتاری سے مکمل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ سبزی منڈی غلام محمد آباد کو ماڈل منڈی بنانے کیلئے ماسٹر پلان مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے جس کے ذریعے سبزی منڈیوں کی گزر گاہوں میں دکانداری کی اجازت نہ دینے اور تمام کاروبار کو سٹینڈ اور مقررہ جگہ تک محدود رکھا جائیگا تاکہ بدنظمی پیدا نہ ہوسکے ۔