کرسچین امن کونسل کی 24 اور 25 دسمبر کو تمام چرچز اور مسیحی علاقوں کو بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دینے کی اپیل

اتوار 18 دسمبر 2016 13:20

فیصل آباد۔18 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2016ء) کرسچین امن کونسل پاکستان نے 24 اور 25 دسمبربروزہفتہ و اتوار کو فیصل آبادڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت ملک بھر کے تمام شہروں میں تمام چرچز اور مسیحی آبادیوں پر مشتمل علاقوں کو بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دینے کی اپیل کی ہے تاکہ مسیحی برادری کے افراد پر سکون ماحول میں کرسمس کی خوشیاں منانے سمیت اپنی رسومات و عبادات سر انجام دے سکیں ۔

کرسچین امن کونسل کے ترجمان نے میڈیاسے بات چیت کے دوران کہاکہ کرسمس کے تہوار کے موقع پر بڑی تعداد میں چرچز فول پروف سکیورٹی سے محروم ہوتے ہیں اس لئے موجودہ حالات میں کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کیلئے سکیورٹی مزیدسخت کرنا ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ ہو گیاہے اور شام و رات کے اوقات میں خصوصی طور پر گیس و بجلی بند کر دی جاتی ہے ۔

انہوںنے بتایاکہ فیصل آباد میں مسیحی برادری کے 1000 سے زائد چرچز موجود ہیں جہاں کرسمس کی عبادات کی جاتی ہیں لیکن ان میں سے صرف 262 چرچز کو سکیورٹی فراہم کی جاتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کے ہر چرچ کی انتظامیہ کوسکیورٹی گارڈز رکھنے کی اجازت فراہم کرے تاکہ وہ اپنے چرچز کی بہتر انداز میں حفاظت یقینی بناسکیں۔ انہوں نے کہاکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ سے ناخوشگوار صورتحال کا احتمال ہے لہٰذا حکومت کرسمس کے موقع پر بجلی وگیس کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کابھی واضح حکم جاری کرے۔