مقبوضہ کشمیر ، آسیہ اندرابی کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی مذمت

اتوار 18 دسمبر 2016 13:00

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میں دختران ملت، میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم ، جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ اور ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن نے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی اور اور عدالتی احکامات کے باوجود انہیں رہا نہ کرنے کی مذمت کرتے اسے بدترین سیاسی انتقام قرار دیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دختران ملت کی جنرل سیکرٹری ناہیدہ نسرین نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ انہیں ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی آسیہ اندرابی کی رہائی کے خلاف ہیں اور یہی وجہ ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود انہیں رہا نہیں کیا جا رہا ۔انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی انتقام گیری کی بدترین مثال ہے۔

(جاری ہے)

حریت فورم کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ آسیہ اندرابی خود بھی علیل ہیں جبکہ انکے فرزند اس وقت ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور حال ہی میں پیٹ کی جراحی کے عمل سے بھی گزرے ہیں لیکن اسکے باوجود انہیں نظر بند رکھنا انتہائی قابل مذمت ہے۔

جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے آسیہ اندرابی کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی اور عدالتی حکم کے باوجود انہیں رہا نہ کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ انسانیت دشمنی کا بھر پور ثبوت دے رہی ہے ۔ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے بھی سرینگر میں جاری بیان میں کہا کہ قابض انتظامیہ آسیہ اندرابی کی رہائی میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ پولیس اسٹیشن رام باغ میں انکے خلاف ایک اور جھوٹا مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :