کرینہ کپورکو پڑھائی ادھوری چھوڑنے کا غم ستانے لگا

سیف کا خاندان اور دوست احباب بہت زیادہ مطالعے کے عادی ہیں ‘کرینہ

اتوار 18 دسمبر 2016 11:30

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2016ء)اداکارہ نے اپنی پہلی فلم 20 سال کی عمر میں کی جس کے لیے انہیں سب سے پہلے اپنی تعلیم کو خیر باد کہنا پڑا لیکن اب اداکارہ کو پڑھائی چھوڑنے کا غم ستانے لگا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرویو کے دوران جب اداکارہ کرینہ کپور سے ان کے آنے والے ننھے مہمان کے لیے تعلیم کی اہمیت کا پوچھا گیا تو انہوں نے بے ساختہ کہا کہ انہیں اپنی تعلیم چھوڑنے کا بہت غم ہے۔

جب میں سیف کے دوست احباب اور رشتے داروں سے ملتی ہوں تو مجھے لگتا ہے کہ ہم محض فلموں کے چکر میں پھنس کے رہ گئے ہیں۔ کرینہ کا کہنا تھا کہ سیف کا خاندان اور دوست احباب بہت زیادہ مطالعے کے عادی ہیں اور سب بہت اچھی جگہ سے بھی پڑھے ہوئے ہیں۔ سیف بھی اپنے بچوں کی تعلیم پر بہت اہمیت دیتے ہیں اور میں اپنے ہونے والے بچے کے لیے بھی پر امید ہوں۔

(جاری ہے)

اس کی تعلیم و تربیت پر بھی وہ ویسے ہی توجہ دیں گے جیسے وہ سارا اور ابراہیم کی تعلیم پر دیتے ہیں۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ میرا تعلق اس خاندان سے ہے جس کا کام محض فلموں میں اداکاری ہی رہا جب کہ اب مجھے وقت کے ساتھ لگتا ہے کہ زندگی میں اس کام کے علاوہ بھی بہت سارے کام ہوتے ہیں۔ اداکارہ کا کہنا تھا اب وہ زیادہ سفر کرتی ہیں۔ مختلف لوگوں سے بھی ملتی ہیں تاکہ وہ نئی نئی چیزوں کو بھی جان سکیں اور میں اپنے ہونے والے بچے کے لیے بھی یہ ہی سب چاہتی ہوں۔