ڈیرہ غازی خان،سی ٹی ڈی کی کارروائی ، 5 دہشت گرد ہلاک ،4فرار ہونے میں کامیاب

ہلاک ہونے والے دہشتگرد دہشتگردی کا منصوبہ بنا رہے تھے جن کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان سے تھا، دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، بارودی مواد اور اہم سرکاری عمارتوں کے نقشے برآمد ہوئے ہی ، سی ٹی ڈی حکام

اتوار 18 دسمبر 2016 11:30

ْ ڈیرہ غازی خان/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 دسمبر2016ء) ڈیرہ غازی خان کے علاقے رکھ روجھان میں سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 5 دہشت گردہلاک جب کہ دہشت گردوں کے 4 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے ڈیرہ غازی خان کے علاقے رکھ روجھان میں 9 سے 10 دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشتگردوں کو گرفتار کرنے کے لیے کارروائی کی گئی جس کے دوران دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ شروع کردی۔

سی ٹی ڈی کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ ان کے 4 ساتھی فرارہوگئے۔سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشتگرد دہشتگردی کا منصوبہ بنا رہے تھے جن کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان سے تھا جب کہ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، بارودی مواد اور اہم سرکاری عمارتوں کے نقشے بھی برآمد ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دو دہشتگردوں کی شناخت کامران اور تحسین کے نام سے ہوئی ہے۔دونوں دہشتگرد جمعہ کو پولیس کی حراست سے فرار ہوگئے تھے۔ دہشتگردوں کے قبضے سے چار ہینڈ گرنیڈ، چار رائفلیں اور دو نائن ایم ایم پستول برآمد ہوئے ۔ دہشتگرد حساس تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کردیا ہے۔ واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ملک تحسین گزشہ روز دہشت گردوں کی مدد سے پولیس حراست سے فرار ہو گیا تھا۔