حکومتی سروسز کی فراہمی میں کرپشن ،بلا جواز تعطل اور بدسلوکی برداشت نہیں کی جائے گی،ڈی سی او

ہفتہ 17 دسمبر 2016 22:44

گوجرانوالہ ۔17 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2016ء) ڈی سی ا و گوجرانوالہ محمد عامر جان نے کہاہے کہ حکومتی سروسز کی فراہمی میں کرپشن ،بلا جواز تعطل اور خدمات کے حصول کے لیے آنے والے سائلین سے بدسلوکی برداشت نہیں کی جائے گی ، متعلقہ افسران ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور سو فیصد ڈیٹا انٹری کو یقینی بنائیں ، محکموںکے سربرہان سٹیزن فیڈبیک مانیٹرنگ پروگرام کووزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق مکمل طور پر فعال بنائیں۔

وہ سٹیزن فیڈبیک مانیٹرنگ پروگرام کے جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔محمد عامر جان نے کہا کہ حکومتی سرپرستی میں دی جانے والی سروسز میں کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی ، افسران سٹیزن فیڈ بیک مانیٹرنگ پروگرام کے تحت ڈیش بورڈ پے موصول ہونے والی کرپشن ، بدسلوکی اور سروسز کی فراہمی میں بلا جوازتعطل پیدا کرنے والے اہلکار وںکے خلاف کارروائی کریں ، انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن ، فرد ، انتقال، پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ، ڈرئیونگ لائسنس ، ہیلتھ سروسز اور دیگر سروسز کے حصول میں شہریوں کے لیے مشکلات اور بد عنوانی کسی صورت قابل قبول نہیں ، انہوں نے اے ڈی سی اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ جہاں زمین کے معاملات کمپیوٹرائزذ نہیں ہوئے وہاں خصوصی توجہ دی جائے اور شکایات کا جائزہ لیتے ہوئے ذمہ دارپٹواریوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تا کہ سروسز کی فراہمی میں شفافیت اور سروسز کا حصول آسان بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ سٹیزن فیڈ بیک مانیٹرنگ پروگرام کووزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق مکمل طور پر فعال بنایا جائے اور شکایات پر موثر محکمانہ کاروائی کی جائے ، جہاں خامیاں ہیں انہیں دور کیا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈیٹا انٹری سو فیصد کی جائے اور سروسز کے حصول کے لیے آنے والے ہر فرد کے مکمل کوائف ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کیے جائیں ، کسی صورت ضلع کو نچلے لیو ل پر برداشت نہیں کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ افسران متعلقہ اہلکاروں کی تربیت بھی کروائیں کہ وہ عوام سے نرم رویہ اختیار کریں ، ہسپتالوں میں تعینات سکیورٹی گارڈز کی ہسپتال انتظامیہ رویہ بہتر بنانے کے حوالے سے تربیت کروائیں ۔ ہمیں اپنے رویوں اور عمل سے عوام کے ذہنوں اور دلوں میں یہ اعتماد پیدا کرنا ہو گا کے ہم عوامی خدمت کے لیے بیٹھے ہیں ۔ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے ٹی ایچ کیو ہسپتالوں اور دیہی ہیلتھ مراکز پر آنے والے مریضوں کی مکمل ڈیٹا انٹری نہ ہونے پر سخت اظہار ناراضگی کیا اور ای ڈی او ہیلتھ کو ہدایت کی کہ تمام ایم ایس ٹی ایچ کیوز اور ایس ایم اوز کا اجلاس بلایا جائے اور انہیں سخت تنبیہ جاری کی جائے ، سو فیصد ڈیٹا انٹری ڈیش بورڈ پے کی جائے ، متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز خود چیک کریں ، ڈی سی او آفس سے بھیجی گئی رپورٹس پر کارروائی کی جائے اور کی جانے والی کارروائی کی رپورٹ بھی ارسال کی جائے ۔

اجلاس میں رجسٹریشن ، فرد ، انتقال، پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ، ڈرئیونگ لائسنس ، ہیلتھ سروسز، پولیس ہیلپ لائن 15 اور ریسکیو 1122 کی سروسز کے حصول کے دوران عوام کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ محکموں کے افسران کو ضروری احکامات جاری کیے گئے ۔ ایس این اے تنویر عباس نے مختلف محکموں کی طرف سے ڈیش بورڈ پر کی گئی ڈیٹا انٹری پر تفصیلی بریفنگ دی ۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر طارق قریشی ، اسسٹنٹ کمشنرز(سٹی عتیق الرحمن ، صدر نورش صباء، نوشہرہ ورکاں احسان اللہ کدھر ، وزیر آباد انور بریار ، کامونکی ڈاکٹر رابعہ ریاست ) ، ای ڈی او ہیلتھ سعید اللہ خان، ڈی ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ، ڈی ایس پی ٹریفک پولیس اور ڈی ایس پی لیگل سمیت رسکیو 1122، لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ اور دیگر محکموں کے افسران شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :