برسبین ٹیسٹ : شکست کے سائے گرین شرٹس پر منڈلانے لگے

490پہاڑ جیسا ہدف ملنے پر گرین شرٹس ایک بار پھر کینگروز بائولرز کے دبائو میں 70 رنز پر 2وکٹیں گنوا دیں، اظہرعلی41 پر ناقابل شکست ہیں، 2 روز کا کھیل باقی اور 420 رنز کا مشکل ترین ہدف درکار

ہفتہ 17 دسمبر 2016 19:37

برسبین ٹیسٹ : شکست کے سائے گرین شرٹس پر منڈلانے لگے
برسبین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2016ء) برسبین ٹیسٹ میں تیسرے روز مہمان ٹیم نی70 رنز پر 2وکٹیں گنوا دیں، اظہرعلی41 پر ناقابل شکست ہیں، 2 روز کا کھیل باقی اور 420 رنز کا مشکل ترین ہدف درکارہے، ایسے میں آسٹریلیا کو فتح سے روکنا ناممکن نظر آنے لگا۔تفصیلات کے مطابق برسبین کے وولین گابا اسٹیڈیم پر ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 142 رنز پر ہمت ہار گئی، سرفراز احمد 59پر ناقابل شکست پویلین واپس گئے، محمد عامر 21رنز بناکر جیکسن برڈ کی گیند پر وکٹ کیپر میتھیوویڈ کو کیچ دے بیٹھے، راحت علی 4پر رن آؤٹ ہوئے، مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور جیکسن برڈ نے 3،3شکار کیے،287 رنزکی سبقت پانے والے آسٹریلیا نے اپنے بولرز کو آرام دینے کیلیے پاکستان کو فالوآن کرانے سے گریز کرتے ہوئے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا، ڈیوڈ وارنر نے پہلے ہی اوورمیں محمد عامر کو2 چوکے جڑ کر جارحانہ عزائم ظاہر کیے تاہم پیسر نے اگلے ہی اوور میں انھیں قابو کر لیا، اوپنر نے پل شاٹ کھیلتے ہوئے مڈآن پر وہاب ریاض کو کیچ تھمایا۔

(جاری ہے)

راحت علی نے بھی اچھی لائن اور لینتھ سے بولنگ کی جس کا صلہ انھیں چھٹے اوور میں میٹ رینشا(6) کی وکٹ سے ملا، لیگ سائیڈ پر اسٹروک کھیلنے کی کوشش میں گیند بیٹ کے باہری حصے سے ٹکراتی ہوئی دوسری سلپ میں یونس خان کے ہاتھوں میں محفوظ ہو گئی، پیسر کی اگلی ہی بال پر نئے بیٹسمین اسٹیون اسمتھ کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی زوردار اپیل امپائر نے مسترد کی تو مصباح نے ریویو لیا جو بے کار گیا، ٹی بریک تک 12 اوورز کے کھیل میں کینگروز نے 2 وکٹ پر40 رنز اسکور کیے تھے۔

وقفے کے بعد وہاب ریاض کی گیند پر ایک بار پھر آسٹریلوی کپتان کے خلاف ایل بی ڈبلیو ریویو ناکام رہا۔میزبان ٹیم نے 25ویں اوورز میں 100 رنز مکمل کرلیے، گرین کیپس کو تیسری کامیابی 135 کے مجموعی اسکور پر ملی، یاسر شاہ کی گیند کریز سے باہر نکل کر کھیلتے ہوئے اسٹیون اسمتھ نے لانگ آن پر راحت علی کو کیچ تھما دیا، انھوں نی63 رنز بنائے، عثمان خواجہ (74) کی وکٹ راحت علی کے حصے میں آئی، مڈآن پر مصباح الحق نے بائیں جانب ڈائیو لگاتے ہوئے گیند پر قابو پا لیا۔

وہاب کی گیند پر پل شاٹ کھیلتے ہوئے نئے بیٹسمین نک میڈنسن (4) آؤٹ ہوئے، فائن لیگ پر بابر اعظم نے کیچ لیا، آسٹریلیا نے ڈنر تک 5 وکٹ پر 202 رنز بنانے کے بعد اننگز ڈکلیئر کر دی۔ راحت علی نے 2 جبکہ محمد عامر، یاسر شاہ اور وہاب ریاض نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔پاکستان کو 490 رنز کا مشکل ہدف ملا، اوپنرز نے محتاط آغاز کرنے کے بعد رنز کی رفتار بڑھانا چاہی تو میزبان کپتان اسٹیون اسمتھ نے بولرز کی مدد سے دباؤ بڑھا دیا، سمیع اسلم نے مچل اسٹارک کی گیند پر روایتی غلطی کرتے ہوئے پہلی سلپ میں میٹ رینشا کو کیچ دیدیا، 5 میڈن اوورز کے بعد بابر اعظم نے مہمان ٹیم کا اسکور بورڈ متحرک کیا، انہیں ناتھن لیون نے 10 پر ریویو کی مدد سے آؤٹ قرار دلانے کی کوشش کی لیکن گیند بیٹ کو چھو کر نہیں گئی تھی، بالآخر سست روی سے بیٹنگ کرنے والے پاکستان کی ففٹی 24 اوورز میں مکمل ہونے کے بعد بابر اعظم نے ناتھن لیون کو ہی وکٹ پیش کردی، گیند سلپ میں موجود اسٹیون اسمتھ کے ہاتھوں میں محفوظ ہوئی۔

اظہرعلی نے جیکسن برڈ کے ایک اوور میں 3 چوکے لگائے، دن کے اختتام تک انھوں نے 41 رنز پر اپنی وکٹ محفوظ رکھی، انتہائی محتاط یونس خان 19 گیندیں کھیلنے کے باوجود کھاتہ کھولنے کے منتظر ہیں، پاکستان نے 2 وکٹ پر 70رنز بنائے، ابھی 2 روز کا کھیل اور420 رنز کا مشکل ترین سفر مزید باقی ہے۔۔

متعلقہ عنوان :