لاہور: نام نہاد مسیحاؤں نے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں آئوٹ ڈور کے دروازے مریضوں پر بند

ہفتہ 17 دسمبر 2016 17:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2016ء) نام نہاد مسیحاؤں نے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں آئوٹ ڈور کے دروازے مریضوں پر بندکر رکھے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ینگ ڈاکٹرز کی ہٹ دھرمی حد سے بڑھنے لگی۔ خود کو مسیحا کہلانے والوں نے سنٹرل انڈیکشن پالیسی کو جواز بنا کر مریضوں پر علاج کے دروازے بند کر رکھے ہیں۔ کئی روز سے جاری ہڑتال کے باوجود حکومت بھی معاملے پر چپ سادھے ہوئے ہے۔

لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں ینگ ڈاکٹرز نے آٹھویں روز بھی او پی ڈیز بند رکھیں اور خود ڈیوٹی سے غائب رہے۔ ملتان میں ہڑتالی ڈاکٹروں نے نشتر اسپتال کے آوٹ ڈور وارڈ کے بعد ڈینٹل ہسپتال کا آئوٹ ڈور بھی زبردستی خالی کروا دیا اور ہسپتال کے باہر نعرے بازی کی۔

(جاری ہے)

فیصل آباد کے تمام سرکاری اسپتالوں کی اوپی ڈیز میں کام بند رہا جبکہ ہڑتال کا فائدہ اٹھا کر کئی ہسپتالوں میں سینئر ڈاکٹرز بھی ڈیوٹی پر نہ پہنچے۔

راولپنڈی میں بھی سرکاری ہسپتالوں کے آوٹ ڈور بند رہے اور مریض علاج کے لئے مارے مارے پھرتے رہے۔ حکومت پر دباو بڑھانے کے لئے ہربار مریضوں کو تختہ مشق بنانے والے ڈاکٹرز اس بار اپنے مطالبات کے لئے یہی حربہ آزما رہے ہیں لیکن عوام کی اکثریت جہاں ڈاکٹرز کی بے حسی پر غم و غصے کا شکار ہے وہیں ڈاکٹرز کے خلاف ایکشن نہ لینے پر حکومت سے بھی ناخوش دکھائی دے رہی ہے۔ (ایم سلیمان)

متعلقہ عنوان :