ایچ ای سیکرٹریٹ میں نیشنل ٹیکنالوجی کونسل کا اجلاس

ممتاز ماہرین تعلیم، انجینئرز ، ٹیکنالوجی ایکسپرٹس اور وزارت سائنس وٹیکنالوجی کے نمائندگان نے شرکت کی نیشنل ٹیکنالوجی کونسل کا قیام ایچ ای سی کے اسی عزم کا عکا س ہے، ادارجاتی فریم ورک کی تشکیل میں نیشنل ٹیکنالوجی کونسل کے کردار کو سراہتے ہیں ، ڈاکٹر مختار احمد

ہفتہ 17 دسمبر 2016 17:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2016ء) ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی جانب سے ایکریڈیٹیشن کے لئے قائم کردہ نیشنل ٹیکنالوجی کونسل کا اجلاس ایچ ای سی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلا س ایچ ای سی کوالٹی اشورنس ایجنسی کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں ممتاز ماہرین تعلیم، انجینئرز ، ٹیکنالوجی ایکسپرٹس اور وزارت سائنس وٹیکنالوجی کے نمائندگان نے شرکت کی۔

کونسل نے ٹیکنالوجی کی معیاری تعلیم کے ایجنڈے اور بیچلرز لیول کے چار سالہ ڈگری پروگراموں کی بہتری پر توجہ مرکوز رکھی تاکہ معاشی ترقی میں جدید ٹیکنالوجی کے کردار اور ضرورت کو اجاگر کیا جاسکے۔ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایچ ای سی کے چئیرمین ڈاکٹر مختار احمد نے ایچ ای سی کے جامعات میں معیار تعلیم کی بہتری کے موقف کا اعادہ کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیشنل ٹیکنالوجی کونسل کا قیام ایچ ای سی کے اسی عزم کا عکا س ہے۔ انہوں نے ادارجاتی فریم ورک کی تشکیل میں نیشنل ٹیکنالوجی کونسل کے کردار کو سراہا ۔ انہوں نے ایکریڈیٹیشن پالیسی ، ایکریڈیٹیشن پراسیس اور ٹیکنالوجی ماہرین کے سروس سٹرکچر کے حوالے سے نیشنل ٹیکنالوجی کونسل کے چئیرمین میجر جنرل (ر) اکبر سعید اعوان کی کاوشوں کی بھی تعریف کی۔

انہوں نے کونسل کی ویب سائیٹ کا افتتاح کیااور ایچ ای سی کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ کونسل نے ٹیکنالوجی کے مختلف شعبہ جات سے متعلق متعدد زیریں کمیٹیا ں قائم کیں تاکہ کونسل کے ایکریڈیٹیشن اور رجسٹریشن کے عمل کو شفاف پالیسی اور لائحہ عمل کے تحت چلایا جا سکے۔ اِن زیریںکمیٹیوں میں آل انجینئرنگ ٹیکنالوجیز، لائف سائنسز، الائیڈ ہیلتھ سائنسز، زراعت ، میٹیریل سائنسز، طبعیات، انفارمیشن اینڈ کمیونیکشن ٹیکنالوجیز، دفاعی ٹیکنالوجیز، میرین ٹیکنالوجی، سپیس ٹیکنالوجی، نیچرل ریسورسز ٹیکنالوجیز اور دیگر ٹیکنالوجیز پر مبنی کمیٹیاں شامل ہیں۔

علاوہ ازیں مختلف ڈگری پروگرامز جو کہ نیشنل ٹیکنالوجی کونسل کے زیر اثر آتے ہیں پر بھی گفتگو ہوئی۔ موجودہ انجینئرنگ ٹیکنالوجیز ایجوکیشن پروگراموں کی بہتری کے لئے نیشنل ٹیکنالوجی کونسل نے مختلف تجاویز پیش کیں اور پروگراموں کے معیار کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے پر زور دیا۔

متعلقہ عنوان :