ترکی : فوجیوں کو لے جانے والی بس کے نزدیک دھماکہ ، متعدد افراد ہلاک و زخمی

ہفتہ 17 دسمبر 2016 17:42

ترکی : فوجیوں کو لے جانے والی بس کے نزدیک دھماکہ ، متعدد افراد ہلاک و ..

استنبول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2016ء) ترکی کے شہر کیسری میں فوجیوں کو لے جانے والی بس کے نزدیک ہونے والے دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترکی کے مرکزی شہر کیسری میں ارشائس یونیورسٹی کے نزدیک فوجیوں کو لے جانی والی ایک بس کو دھماکے کا نشانہ بنایا گیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں کئی افراد ہلاک اور زخمی ہوئی.دھماکے کے بعد علاقے میں ایمبولنسوں کی بڑی تعداد کو روانہ کردیا گیا۔

ترک خبر رساں ادارے کی جانب سے سامنے آنے والی ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکا اٴْس وقت ہوا جب فوجیوں کی بس ایک کار کے برابر سے گزری جس میں بارودی مواد بھرا ہوا تھا۔واضح رہے کہ بم دھماکے کا یہ واقعہ استنبول کے فٹبال اسٹیڈیم کے باہر ہونے والے جڑواں دھماکوں کے ایک ہفتے بعد سامنے آیاہے، استنبول میں ہونے والے دھماکوں کے نتیجے میں 40 سے زائد افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

اس دھماکے کی ذمہ داری کرد شدت پسندوں کی جانب سے قبول کی گئی تھی۔یاد رہے کہ رواں سال جون میں بھی استنبول کے کمال اتاترک انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 3 خودکش حملوں اور فائرنگ کے نتیجے میں 41 افراد ہلاک اور 239 زخمی ہو گئے تھے۔اگرچہ حملے کی ذمہ داری کسی کی جانب سے قبول نہیں کی گئی تھی تاہم ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے اسے داعش کی کارروائی قرار دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :