افغانستان ، ہوائی اڈے پر فائرنگ ، پانچ خواتین سکیورٹی اہلکاروں سمیت6افراد ہلاک

مرنیوالوں میں وین کا ڈرائیور بھی شامل ہے ، حملے کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی

ہفتہ 17 دسمبر 2016 17:35

افغانستان ، ہوائی اڈے پر فائرنگ ، پانچ خواتین سکیورٹی اہلکاروں سمیت6افراد ..
کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2016ء) افغانستان کے صوبے قندھار کے ایئر پورٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے پانچ خواتین سکیورٹی اہلکاروں سمیت چھ افرادکو ہلاک کر دیا ،کسی گروہ نے بھی تاحال اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔قندھار کے گورنر کی ترجمان نے بتایا کہ صبح سویرے خواتین سکیورٹی اہلکار اپنی ڈیوٹی پر ایئر پورٹ آرہی تھیں کہ موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم مسلح افراد نے اس وین پر حملہ کیا۔

ترجمان سمیم اخلواک نے بتایا کہ اس حملے میں پانچ خواتین اور ان کے ڈرائیور ہلاک ہو گئے ہیں۔یہ خواتین قندھار کے ایئرپورٹ پر سفر کرنے والی خواتین مسافروں کو تلاشی لیتی تھیں۔قندھار ایئر پورٹ کے ڈائریکٹر احمد اللہ فیضی نے بتایا کہ خواتین کو اس نوعیت کی ملازمت میں تسلیم نہیں کیا جا رہا تھا اور انھیں دھمکیاں بھی مل رہیں تھیں، جس پر وہ پریشان تھیں۔

(جاری ہے)

کسی گروہ نے بھی تاحال اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن افغانستان میں کئی بار طالبان نے خو اتین کو نشانہ بنایا ہے۔ایئر پورٹ کے ڈائریکٹر مسٹر فیضی نے بتایا کہ حملے کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں لیکن ابھی تک اس میں گرفتاری نہیں ہوئی ہے۔افغانستان کے اٹارنی جنرل کے دفتر کا کہنا ہے کہ سنہ 2016 کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران خواتین کے خلاف جرائم سے متعلق 3700 مقدمات درج ہوئے اور سنہ 2015 میں اس نوعیت کے مقدمات کی تعداد پانچ ہزار سے زائد ہے۔

متعلقہ عنوان :