کٹھ پتلی انتظامیہ کی ہٹ دھرمی، ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود آسیہ اندرابی کو رہا نہیں کیا گیا

آسیہ اندرابی کا بیٹا بہت بیمار ہے مگر انہیں رہا نہیں کیا جارہا، انتظامیہ کے اقدام قابل مذمت ہے، اہل خانہ آسیہ کے بیٹے کیساتھ کوئی ناخوشگو ار واقعہ پیش آیا تو ذمہ دار قابض انتظامیہ ہو گئی، محمد مقبول بٹ

ہفتہ 17 دسمبر 2016 16:39

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2016ء)مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی انتظامیہ نے دختران ملت کی غیر قانونی طور پر نظر بند سربراہ آسیہ اندرابی کو ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود رہا نہیں کیا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ہائی کورٹ نے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کی کالے قانون پبلک سیفٹی کے تحت غیر قانونی نظر بندی جمعرات کے روز کالعدم قراردیتے ہوئے انکی فوری رہائی کا حکم جاری کیا تھا تاہم انہیں کرنے کے بجائے بارہمولہ جیل سے سرینگر کے زنانہ تھانے میں منتقل کیاگیا۔

آسیہ اند رابی کے اہل خانہ نے میڈ یا کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ انہوںنے بارہمولہ جا کر جیل انتظامیہ کو ہائی کے احکامات دکھائے جس پر انتظامیہ نے کہا کہ وہ خود آسیہ اندرابی کو سرینگر لے آئے گی ۔

(جاری ہے)

اہل خانہ نے کہا کہ جیل انتظامیہ بعد ازاں آسیہ اندرابی سرینگر لے تو آئی تاہم انہیں گھر پہنچانے کے بجائے رام باغ تھانے میں نظر بند کر دیاگیا۔

انہوںنے انتظامیہ کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آسیہ اندرابی کا بیٹا بہت بیمار ہے لیکن اسکے بعد انہیں رہا نہیں کیا جا رہا۔دریں اثنامسلم دینی محاذ کے جنرل سیکرٹری محمد مقبول بٹ نے ایک بیان میں عدالتی احکامات کے باوجود آسیہ اندرابی کو رہا نہ کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ آسیہ اندرابی کا بیٹا بیمار ہے جبکہ انکی اپنی بھی صحت انتہائی خراب ہے۔ انہوںنے کہا کہ اگر آسیہ اندرابی کے ساتھ کوئی ناخوشگو ار واقعہ پیش آیا تو اسکی ذمہ دار قابض انتظامیہ ہو گئی۔