پنجاب میں ینگ ڈاکٹرز کی سنٹرل انڈکشن پالیسی کیخلاف ہڑتال جاری ، ملتان میں مریضوں کو او پی ڈی سے نکال دیا گیا

ینگ ڈاکٹرز کا لاہور سمیت دیگر شہروں میں بھی ہسپتالوں میں احتجاج اور نعرے بازی ، ہزاروں مریض دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور سنٹرل انڈکشن پا لیسی کو کسی صورت قبول نہیں کرینگے ، جب تک ہمارے مطالبات نہیں مانے جاتے ہڑتال جاری رہے گی‘ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن

ہفتہ 17 دسمبر 2016 16:34

لاہور/ملتان /فیصل آباد /راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2016ء) پنجاب بھر میں ینگ ڈاکٹرز کی سنٹرل انڈکشن پالیسی کے خلاف سرکاری ہسپتالوں میں ہڑتال جاری ، ملتان میں مریضوں کو ہسپتال کی او پی ڈی سے نکال دیا گیا ، ہسپتالوں میں ہڑتال کے باعث ہزاروں مریض دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں ۔تفصیلات کے مطابق ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی طرف سے سنٹرل انڈکشن پالیسی کے خلاف لاہور ، ملتان ، فیصل آباد اور راولپنڈی سمیت دیگر شہروں کے سرکاری ہسپتالوں کے آئوٹ ڈورز وارڈز میں کام چھوڑ ہڑتا ل کا سلسلہ جاری رہا ۔

ہسپتالوں میں علاج کے لئے آنے والے ہزاروں مریض دربدر کی ٹھوکریں کھاتے رہے ۔ ہڑتال کے باعث لاہور میں جناح ہسپتال، جنرل ، چلڈرن، گنگارام ، میو ، ڈی مونٹ ، لیڈی ایچی سن ، لیڈی ویلنگٹن سمیت صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں کی اوپی ڈیز گزشتہ روز بھی بند رہیں ۔

(جاری ہے)

سینئر ڈاکٹرز نے او پی ڈیز میں کام سنبھال رکھا ہے تاہم مریضوں کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث خاطر خواہ نتائج سامنے نہیں آ رہے۔

ملتان میں ینگ ڈاکٹرز نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نشتر ہسپتال کی او پی ڈی کوبند کردیا۔ ہڑتالی ڈاکٹروں نے مریضوں کو بھی باہر نکال دیاجس سے مریضوں کو شدید تکلیف کا سامنا رہا ۔راولپنڈی کے بے نظیر بھٹو ہسپتال میں ینگ ڈاکٹرز نے بھی احتجاج جاری رکھا ۔ او پی ڈی بند ہونے کی وجہ سینکڑوں مریضوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ فیصل آباد کے سول اور الائیڈ ہسپتال میں ینگ ڈاکٹر بھی او پی ڈی نہ پہنچے ۔

ینگ ڈاکٹرز نے ہسپتالوں میں احتجاج کرتے ہوئے اپنے مطالبات کے حق میں اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ۔جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ۔ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے مطالبات تسلیم کرنے کی بجائے ہٹ دھرمی کے رویے کے باعث اوپی ڈیزبند کرنے پرمجبورہیں ۔ مطالبات کی منظوری تک او پی ڈیز میں کام شروع نہیں کیا جائے گا ۔ینگ ڈاکٹرز نے کہا کہ جب تک ہمارے مطالبات نہیں مانے جاتے ہڑتال جاری رہے گی۔

متعلقہ عنوان :