حلب میں انخلا کے معاہدے کا احترام یقینی بنایا جائے، پناہ گزینوں کے استقبال کے لیے تیار ہے،ترک صدر

عالمی برادری حلب میں محصور شہریوں کو محفوظ مقامات تک پہنچنے میں ان کی مدد کرے اور جنگ بندی معاہدے کو ہرصورت میں یقینی بنایا جائے،حلب میں شہریوں کے اںخلا کا معاہدہ اور جنگ بندی اس لیے کی گئی تاکہ وہاں پر پھنسے بے گناہ اور معصوم شہریوں کی جانوں کو تحفظ فراہم کیا جاسکے، رجب طیب اردگان

ہفتہ 17 دسمبر 2016 14:36

انقرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 دسمبر2016ء)ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے شام کے جنگ زدہ علاقے حلب میں محصورین، باغیوں اور ان کے خاندان کے افراد کے محفوظ مقامات کی طرف انخلا کے حوالے سے طے پائے معاہدے کی پاسداری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترکی حلب کے پناہ گزینوں کے استقبال کے لیے تیار ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک صدر نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ٹویٹر پر اپنی متعدد ٹویٹس میں کہا کہ مشرقی حلب کی کالونیوں میں محصور شامی شہریوں کے انخلا کے لیے فریقین میں جو معاہدہ طے پایا ہے اس کی پاسداری اور احترام تمام فریقین کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری حلب میں محصور شہریوں کو محفوظ مقامات تک پہنچنے میں ان کی مدد کرے اور جنگ بندی معاہدے کو ہرصورت میں یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

ترک صدر کاکہنا تھا کہ حلب میں شہریوں کے اںخلا کا معاہدہ اور جنگ بندی اس لیے کی گئی تاکہ وہاں پر پھنسے بے گناہ اور معصوم شہریوں کی جانوں کو تحفظ فراہم کیا جاسکے۔ادھر جمعہ کے روز ترک حکام نے بتایا کہ ترکی نے شام کے اندر ہی حلب کے پناہ گزینوں کو ٹھہرانے کے لیے ایک کیمپ قائم کرنے کا کام شروع کردیا ہے تاہم حلب سے لائے جانے والے زخمیوں اور مریضوں کا ترکی کے اسپتالوں میں علاج کرایا جائے گا۔

جمعہ کے روز دو ترک عہدیداروں نے بتایا کہ ترکی کی سرحد سے ساڑھے تین کلو میٹر اندر دو الگ الگ مقامات پر کیمپ قائم کیے جا رہے ہیں جن میں 80 ہزار پناہ گزینوں کو ٹھہرانے کی گنجائش پیدا کی جائے گی۔