بھارت کشمیریوں کو فریق تسلیم نہیں کرتا ، آج پاکستان کو کنارے پر رکھ کر دہلی سے بات کرنے کا درس دیتا ہے، یاسین ملک

یشونت سنہا نے بھی یہی درس دیا، بھارتی متضاد موقف اور رویئے کوئی بھی ذی ہوش تسلیم نہیں کرسکتا، جلسے سے خطاب

ہفتہ 17 دسمبر 2016 14:34

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 دسمبر2016ء) لبریشن فرنٹ سربراہ یاسین ملکنے کہا ہے کہ بھارت نے خود پاکستان کے ساتھ بات چیت کے عمل کو سرتاج عزیر کی کشمیریوں سے ملاقات کی خواہش کی وجہ سے توڑ دیا تھا اور بھارتی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ کشمیری کوئی فریق نہیں ہیں اور ان کے ساتھ بات کرنے کا کوئی مطلب نہیں اور آج بھارتی لیڈر یشونت سنہاہمیں درس دے رہے ہیں کہ وہ پاکستان کوکنارے پر رکھتے ہوئے بھارت کے ساتھ بات چیت شروع کردیں۔

گزشتہ روزان باتوں کا اظہارانہوں نے بوگام کولگام میں منعقدہ ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گرفتاری سے بچنے کیلئے یاسین ملک کل رات گئے اسلام آباد پہنچ گئے جہاں انہوں نے شہید کئے گئے کئی معصوموں کے لواحقین سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہداء کے ورثاء یقین دلایا کہ پوری قوم ان کی پشت پر ہے اور ان کی قربانیاں کسی بھی صورت میں رائیگان نہیں جانے دی جائیں گی۔

یاسین ملک نے کہا کہ ہم کشمیری بھارت کے حکمرانوں اور ان خود ساختہ ایمان دار درمیان داروں سے سوال کرنا چاہتے ہیں کہ ان کے دل کی اصلیت کیا ہے اور بات چیت کے عمل کے سلسلے میں ان کا اصل موقف سچائی کیا ہے۔یاسین ملک نے کہا کہ آخر یہ کیا معمہ ہے کہ بھارت ایک دن کشمیریوں کو فریق ماننے سے منکر ہو اور دوسرے دن پاکستان کو درکنار کرنے کی باتیں کرتا پھرے اور یہ متضاد موقف اور رویے کوئی بھی ذی ہوش تسلیم نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ ہم بھارت اور پاکستان کو یہ بات باور کرانا چاہتے ہیں کہ کشمیری مسئلہ جموں کشمیر کے اصل فریق ہیں اور انہیں بات چیت کے عمل میں شامل کئے بنا مسئلہ جموں کشمیر کے حل کی باتیں محض خواب اور سراب ہی قرار پائیں گی۔الیکشن اور اقتداری سیاست کو کشمیریوں کے مفادات کا سب سے بڑا دشمن قرار دیتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ الیکشن اور ووٹ ڈالنے کے عمل نے کشمیریوں کا بہت نقصان کیا ہے کیونکہ یہی عمل ہے جس کو بھارت اپنے تسلط کیلئے جواز کے طور پر پیش کرتا ہے جب کہ اسی عمل کے نتیجے میں معرض وجود میں آنے والی اسمبلیاں ،پارلیمان اور میونسپل کونسلیں اور پنچائیت ہمارے خلاف کالے قوانین جیسے افسپا،پی ایس اے ،ٹاڈا اور پوٹا بناتی ہیں اور یہی فورم ہیں جو بھارت اور اسکی فورسز کے جرائم پر پردہ پوشی کرنے میں بھی استعمال کئے جاتے ہیں۔

یاسین ملک نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ آئندہ پارلیمانی الیکشن کا مکمل بائیکاٹ کریں۔شہید انجینئر باسط رسول اور ابوبکر کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ یہ معصوم شہید ہی ہمارے اصل ہیرو ہیں اور ہم ان کی قربانیوں کو کسی بھی صورت میں رائیگان نہیں جانے دے سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :