مشترکہ مزاحمتی قیادت ہر مکتب فکر سے مشاورت کے بعدسال بھر کیلئے احتجاجی پروگرام قوم کے سامنے رکھے گی،میر واعظ

جدوجہد کیساتھ پانچویں نسل منسلک ہو چکی ، پوری قوم کو طویل جدوجہد کیلئے خود کو تیار کرنا ہوگا ، تقریب سے خطاب

ہفتہ 17 دسمبر 2016 14:34

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 دسمبر2016ء) حریت کانفرنس (میرواعظ) کے چیئرمین میرواعظ مولوی عمر فاروق نے کہا ہے کہ کشمیر کی مشترکہ مزاحمتی قیادت ہر مکتب فکر سے وابستہ لوگوں کے ساتھ مشاورت کے بعدسال بھر کیلئے احتجاجی پروگرام قوم کے سامنے رکھے گی جس پر مکمل عملآوری سے نہ صرف پوری دنیا میں کشمیریوں کی آواز کو سنا جائیگا بلکہ اس طویل المدتی جدوجہد سے ہم ایک ایسا ہمہ گیر انقلاب لانے میں کامیاب ہوجائیں گے جو ہماری تحریک حق خودارادیت کی کامیابی پر منتج ہوگا۔

وہ گزشتہ روزمرکزی جامع مسجد میں ایک عظیم الشان مجلس رحمتہ للعالمین کے موقع پر صدارتی خطاب کر رہے تھے۔ اس موقعہ پر مولانا محمد عباس انصاری، علی گیلانی کی نظر بندی کے پیش نظر ان کے نمائندے پیر سیف اللہ، لبریشن فرنٹ سربراہ کے نمائندے شیخ عبدالرشید بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میرواعظ نے نوجوانوں کی قربانیوںکو لا مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری جدوجہد 1931ء سے چل رہی ہے اور اب اس جدوجہد کے ساتھ کشمیریوں کی پانچویں نسل منسلک ہو چکی ہے۔

تحریک آزادی کو آگے بڑھانے کیلئے پوری قوم کو ایک طویل المدتی جدوجہد کیلئے خود کو تیار کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ یہ پوری قوم کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی قربانیوں اور اس تحریک کی حفاظت کیلئے مشترکہ قیادت کے پروگرام کو کامیاب بنائیں۔ حکومت ہندوستان اور اسکی ریاستی اتحادی یہاں کے نوجوانوںپر ظلم و تشدد کرکے ان کو جان بوجھ کر تشدد کے راستے پر دھکیل رہی ہے اور ان کے جذبہ مزاحمت کو کچلنے کیلئے ہر غیر انسانی ، غیر اخلاقی اور غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے لیکن جتنی شدت کے ساتھ اس جذبہ مزاحمت کو دبانے کی کوشش کی جائیگی اتنی ہی شدت کے ساتھ یہ جذبہ مزید ابھرتا جائیگا۔

میرواعظ نے ’’ہم کیا چاہتے آزادی‘‘ اور’’ جس کشمیر کو خون سے سینچا وہ کشمیر ہمارا ہے‘‘ کے فلک شگاف نعروں میں اعلان کیا کہ پوری مزاحمتی قیادت نہ صرف اپنے کاز کے تئیںوعدہ بند ہے اور کشمیریوں کے خون سے مزین تحریک کو آگے بڑھانے کیلئے قیادت کی جانب سے جو پروگرام قوم کے سامنے رکھا جائیگا اٴْسکو کامیاب بنانے کیلئے ماضی کی طرح پوری قوم کا تعاون اور وابستگی ہماری کامیابی کی ضمانت ہے۔