وینزویلا میں پہلے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح

انسٹی ٹیوٹ دونوں ملکوں کے درمیان پل کا کردار ادا کریگا ،ڈائریکٹر اندرینا

ہفتہ 17 دسمبر 2016 14:22

کراکس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 دسمبر2016ء)وینزویلا میں پہلے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح کر دیا گیا ، یہ انسٹی ٹیوٹ بولیویرن یونیورسٹی آف وینزویلا کراکس میں قائم کیا گیا ہے جس کا مقصد چین اور وینزویلا کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔

(جاری ہے)

منصوبہ بندی اور تعلیم کے نائب صدر ریکارڈو مینن ڈیز نے انسٹی ٹیوٹ کے قیام کی تعریف کی اور اسے دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ تعلقات کی خدمات کیلئے اہم قرار دیا ، انسٹی ٹیوٹ کے افتتاح کے موقع پر ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں 200سے زائد افراد نے شرکت کی جنہیں پہلے تربیتی کورس کیلئے رجسٹرڈ کر لیا گیا۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے مینن ڈیز نے مہمانوں سے کہا کہ بہت جلد جنوبی امریکی ملک میں مزید کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کھولے جائیں گے ، ہم وینزویلا کے تمام لوگوں کو دعوت دیں گے کہ وہ آئیں اور چینی زبان سیکھیں ۔ انسٹی ٹیوٹ کی ڈائریکٹر اندرینا برمودیز نے شنہوا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری یونیورسٹی اور وینزویلا کے لئے اعزاز ہے اور یہ ادارہ دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی تعلقات مضبوط بنانے کیلئے پل کا کام دے گا ۔