حلب میں انخلا کے معاہدے کا احترام یقینی بنایا جائے، ترک صدر

عالمی برادری حلب میں محصور شہریوں کو محفوظ مقامات تک پہنچنے میں ان کی مدد کرے، ٹوئٹرپیغام

ہفتہ 17 دسمبر 2016 12:37

حلب میں انخلا کے معاہدے کا احترام یقینی بنایا جائے، ترک صدر
انقرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2016ء)ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نے شام کے جنگ زدہ علاقے حلب میں محصورین، باغیوں اور ان کے خاندان کے افراد کے محفوظ مقامات کی طرف انخلا کے حوالے سے طے پائے معاہدے کی پاسداری کا مطالبہ کیا اور کہا ہے کہ ترکی حلب کے پناہ گزینوں کے استقبال کے لیے تیار ہے۔

(جاری ہے)

عرب نشریاتی ادارے کے مطابق ترک صدر نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ٹویٹر پر اپنی متعدد ٹویٹس میں کہا کہ مشرقی حلب کی کالونیوں میں محصور شامی شہریوں کے انخلا کے لیے فریقین میں جو معاہدہ طے پایا ہے اس کی پاسداری اور احترام تمام فریقین کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری حلب میں محصور شہریوں کو محفوظ مقامات تک پہنچنے میں ان کی مدد کرے اور جنگ بندی معاہدے کو ہرصورت میں یقینی بنایا جائے۔ترک صدر کاکہنا تھا کہ حلب میں شہریوں کے اںخلا کا معاہدہ اور جنگ بندی اس لیے کی گئی تاکہ وہاں پر پھنسے بے گناہ اور معصوم شہریوں کی جانوں کو تحفظ فراہم کیا جاسکے۔