چار ماہ میں ہزار نئی بسیں چلائی جائیں گی، وزیر ٹرانسپورٹ

نئی بسوں اور منی بسوں کی خریداری کیلئے بلا سود قرضے کی فراہمی میں ہر ممکن تعاون اور مدد کی جائیگی، سید ناصر حسین شاہ

ہفتہ 17 دسمبر 2016 12:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2016ء)سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کی کمی سے عوام کو پیش آنے والی مشکلات کے پیش نظر فوری طور پر ایک ہزار نئی بسیں چلائی جائیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ اگلے 4 ماہ کے اندر یہ بسیں شہر کی سڑکوں پر ہونگی۔ وزیر ٹرانسپورٹ کی زیر صدارت کراچی میں جدید ٹرانسپورٹ سسٹم کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس ہوا، جس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ طحٰہ فاروقی، سیکرٹری پی ٹی اے غضنفر علی قادری، سیکرٹری آر ٹی اے محمد منشاء ، کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری و دیگر نے شرکت کی تھی۔

سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے اجلاس کو بتایا کراچی کی آبادی کے لحاظ سے یہاں 10 ہزار بڑی اور 20 ہزار منی بسیں درکار ہیں۔

(جاری ہے)

ٹرانسپورٹرز کی جانب سے نئی بسوں کی خریداری پر حکومت متعلقہ کمپنی سے مزید رعایت دینے کے سلسلے میں بھی بات کریگی۔ارشاد بخاری نے ٹرانسپورٹرز کی مشکلات اور پریشانیو ں سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ انہوں نے تجویز دی کہ نئی بسوں اور منی بسوں کیلئے بلا سود قرضہ دیا جائے۔

گاڑیوں کے لیے ورکشاپ اور ٹرمینل کیلئے جگہ بھی فراہم کی جائے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ نئے ٹرانسپورٹ سسٹم میں پرانے ٹرانسپورٹرز کو ترجیح دی جائیگی۔نئی بسوں اور منی بسوں کی خریداری کیلئے بلا سود قرضے کی فراہمی میں ہر ممکن تعاون اور مدد کی جائیگی۔ اگر پرانے ٹرانسپورٹرز حکومتی پیشکش کے باوجود بھی نئی بسیں خریدنے میں ناکام رہے تو ان لوگوں کو چانس دینگے۔دیگر صوبوں میں نیا ٹرانسپورٹ سسٹم کامیابی سے چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف کراچی بلکہ پورے صوبے میں انٹر سٹی بسیں بھی چلائی جائینگی۔