ترکی سے مہاجرت کے موضوع پرسربراہی اجلاس کی خواہاں ہیں،یورپی یونین

آئندہ اجلاس میں ترکی کے ساتھ کسٹمز اور آزاد تجارتی معاہدے سے متعلق بھی بات چیت کی جائے گی،صدریورپی یونین

ہفتہ 17 دسمبر 2016 12:15

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2016ء) یورپی رہنما مہاجرت کے موضوع پر ترکی کے ساتھ سربراہی اجلاس کے خواہاں ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹٴْسک نے برسلز میں صحافیوں سے بات چیت میں کہی۔یورپی کونسل کے صدر کے مطابق ترکی کے ساتھ یورپی سربراہی اجلاس کا انعقاد اگلے چند ماہ میں ہو گا۔

(جاری ہے)

یورپی یونین نے رواں برس مارچ میں انقرہ حکومت کے ساتھ مہاجرین کے موضوع پر ایک ڈیل طے کی تھی، جس کے تحت ترکی کو اپنے ہاں سے مہاجرین کو بحیرہء ایجیئن عبور کر کے یونان میں داخلے سے روکنے کا پابند بنایا گیا تھا۔ڈونلڈ ٹٴْسک کا کہنا تھاکہ ہمارے پاس یہ مینڈیٹ ہے کہ ہم اس قسم کی سربراہی کانفرنس کا انعقاد کریں۔ فی الحال اس اجلاس کی کوئی حتمی تاریخ تو طے نہیں ہے، مگر یہ اجلاس اگلے چند ماہ میں منعقد ہو گا۔

ہمارا مقصد واضح ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ترکی کے ساتھ بات چیت جاری رکھی جائے۔یورپی یونین کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں ٹٴْسک نے مزید کہاکہ ہمارے پاس مختلف موضوعات ہیں، جن کی وجہ سے ہمیں اس قسم کے اجلاس کا انعقاد کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے اشارتا کہا کہ ترکی کے ساتھ مہاجرت کے علاوہ کسٹمز اور آزاد تجارتی معاہدے سے متعلق بھی بات چیت کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :